ورلڈکپ 2023: ایک تیر سے چار شکار

تحریر: محمد احمد رضا

Oct 16, 2023 | 17:39:PM
ورلڈکپ 2023: ایک تیر سے چار شکار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویسے تو کرکٹ میں ہر دن نیا ہو تا ہے، گراؤنڈ، موسم، پچ کا رویہ اور خاص طور پر حریف ٹیم اور کھلاڑیوں کی خوبیاں اور خامیاں، سب کا الگ الگ معیار، وقار اور کردار ہوتا ہے لیکن بھارت میں جاری ورلڈکپ میں ایک بڑی غلطی کو چوتھی ٹیم نے دہرا دیا۔ سوال صرف یہ ہے کہ ایسی حساس غلطی کرتے ہوئے اپنی پیش رو یعنی پہلے بڑا خمیازہ بھگتنے والی ٹیموں کے نتائج کو کیوں نہ مدنظر رکھا گیا۔ 
ورلڈکپ 2023 کا سب سے بڑا اپ سیٹ تیرہویں میچ میں ہوا، افغانستان جیسی ناتجربہ کار اور بے بی سمجھی جانے والی ٹیم نے دفاعی چیمپئن یعنی بابائے کرکٹ انگلینڈ کو ہرا کر سب کو حیران کر دیا۔ افغان کھلاڑیوں نے دو سو پچاسی رنز کا ہدف دیا، تعاقب میں لگے انگلش کھلاڑی چالیس اعشاریہ تین اوور میں دو سو پندرہ رنز بنا سکے اور انہتر رنز کی شکست سے تاریخ میں ایک اور بدترین ہار کو اپنے گلے کا ہار بنا لیا، اس سے پہلے اسی انگلینڈ کو دوہزار گیارہ میں آئرلینڈ سے تین وکٹ کی شکست ہوئی تھی۔

اگرچہ اس کی سٹوری یکسر مختلف تھی (یعنی ہمارے اس عنوان سے الگ) کہ آئرلینڈ نے تین سو انتیس رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ہنستے مسکراتے سات وکٹ پر پورا کر لیا، چلتے چلتے بابائے کرکٹ انگلینڈ کو ایک اور تاریخ ساز شکست  کا بھی ذکر، کہ انیس سو بانوے کے ورلڈکپ نے زمبابوے جیسی ٹیم نے نو رنز سے چیت کر دیا۔ اس میں ایک سو پینتیس رنز کا زمبابوین ہدف لیجنڈری گراہم گوچ، آئن بوتھم، ایلن لیمب اور ایلک سٹیورٹ جیسے بلے بازی کے بت اوندھے منہ جا گرے۔ 
واپس اپنے ٹاپک پر آتے ہیں کہ ورلڈکپ 2023 میں ایک تیر سے چار شکار کیسے ہو چکے ہیں، تو رواں میگا ایونٹ میں دوسری بڑی ہار پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کو ہوئی، جنوبی افریقی تین سو بارہ رنز کا ہدف کینگروز کے لیے مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو گیا، پوری ٹیم چالیس اعشاریہ پانچ اوور میں ایک سو ستتر رنز پر ڈھیر ہو گئی اور ایک سو چونتیس رنز کی بری شکست تاریخ میں رقم ہوئی۔ 
ان دو سے پہلے تیسری ٹیم کون سے جال میں پھنسی یہ تو ہم بعد میں آپ کو آخر میں بتائیں گے لیکن ایسی بڑی غلطتی بنگلادیش سے سرزد ہوئی۔ انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے تین سو چونسٹھ رنز کو سکور بورڈ کی زینت بنایا، رنز کے اس پہاڑ جیسے ہدف تلے دبے بنگلادیشی اڑتالیس اعشاریہ دو اوور میں دو سو ستائیس رنز پر آؤٹ ہو کر ایک سو سینتیس رنز کی شکست سے دوچار ہوئے۔ 
بھارت میں جاری ورلڈکپ کا پہلا ہائی سکورنگ میچ بھی ایسے ہی بلنڈر کی زد میں آیا کہ جنوبی افریقی چار سو اٹھائیس رنز کے سامنے سری لنکن بالکل بے بس نظر آئے، شناکا الیون چوالیس اعشاریہ پانچ اوور میں بڑی ہمت دکھاتے ہوئے تین سو چھبیس رنز پر پویلین لوٹ گئی یعنی انہیں ایک سو دو رنز کی شکست کی کڑوی گولی نگلنا پڑی ,رواں ایونٹ کی چار ٹیمیں ایک ہی طرح کیسے ہاریں، رزلٹس کی تفصیل پڑھ کر آپ کو اندازہ ہو گیا ہو گا جس کی وضاحت کیے دیتے ہیں کہ یہ مشترک غلطی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ یعنی فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ تھی، انگلینڈ ہو یا آسٹریلیا،،، اسی طرح بنگلادیش ہو یا پھر سری لنکا تمام کپتانوں نے جانے کیا سوچ کر بالترتیب افغانستان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت کیوں دی جس سے ان چاروں ٹیموں کو ایک سے بڑھ کر ایک بری ہار ملی۔

نوٹ:(تحریر بلاگر کا ذاتی خیال ہے اس لیے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں )

دیگر کیٹیگریز: بلاگ
ٹیگز: