پنجاب میں سموگ کے تدارک کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ

Nov 16, 2023 | 20:03:PM
پنجاب میں سموگ کے تدارک کے حوالے سے حکومت کا بڑا فیصلہ
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(دُرِ نایاب) صوبے بھر میں اسموگ کی خطرناک صورت حال کے پیش نظرپنجاب حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 10 اضلاع کے تعلیمی ادارے بند ہونے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 18 نومبر کو لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، قصور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارروال، حافظہ آباد، اور منڈی بہاؤالدین میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں، دکانیں، جم اور سینماء ہالز دوپہر 3 بجے کھلیں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی سموگ کے خاتمے کیلئے فوری اسموگ ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ فوری سموگ ایمرجنسی کا نفاذ کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے اسموگ کے تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا سمیت دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

جسٹس شاہد کریم نے سموگ کی موجودہ صورتحال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسموگ کا جو احوال ہے اس کی ذمہ دار حکومت ہے، شہر کی جو حالت ہے وہ آپ دیکھ لیں، آپ شہر کے مالک ہو آپ سب کچھ کرسکتے ہو، پہلے یہ سموگ نومبر کے آخر اور دسمبر میں آتی تھی، اب یہ سموگ اکتوبر میں شروع ہوچکی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے تمام سکولز، کالجز کے بچوں کو کالا دھواں چھوڑنے والے کارخانوں کی اطلاع دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سکول کالجز کے بچے اپنے علاقوں میں اگر کالا دھواں چھوڑنے والا کوئی کارخانہ ہے تو اطلاع دیں، کمشنر لاہور سمیت دیگر افسران کل سے سکولز کالجز میں جاکر بچوں کو آگاہ کریں، کالا دھواں چھوڑنے والی فیکٹریوں کو سیل کر کے ڈی سیل نہ کیا جائے۔