(24 نیوز) امریکی اور یورپی کمپنیوں کے بعد متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنیوں اتحاد ایئر ویز اور فلائی دبئی نے بھی اسرائیل جانے والی پروازیں منسوخ کردیں۔
تفصیلات کے مطابق عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب کی فضائی کمپنیوں اتحاد اور فلائی دبئی نے تل ابیب جانے والی مسافر بردار اور مال بردار پروازوں کو منسوخ کردیا۔ اس سے قبل امریکی اور یورپی فضائی کمپنیوں نے بھی تل ابیب کے لئے اپنی پروازوں کو منسوخ کردیا تھا۔
دونوں کمپنیوں کی آج چار پروازیں شیڈول تھیں جب کہ فلائی دبئی نے حال ہی میں اسرائیل کے لیے پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ پروازوں کی منسوخی کی وجہ نہیں بتائی تاہم یہ فیصلہ اسرائیل کی غزہ میں بمباری اور پرتشدد کارروائیوں میں اضافے کے بعد لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ ساتویں روز بھی جاری ہے اور میڈیا ہاوسز تک کو راکٹ حملے میں تباہ کردیا گیا ہے، فضائی بمباری میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 170 سے تجاوز کرگئی ہے جب کہ جواب میں حماس نے بھی اسرائیلی علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایکسپو سینٹر : ویکسی نیشن کا دورانیہ چوبیس گھنٹے لیکن کمپیوٹر غلطی کرنے لگے