آرمی چیف  سے ایئر چیف  کی الوداعی ملاقات،جنرل باجوہ نے مجاہد انور کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا

Mar 16, 2021 | 16:11:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سےپاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان  نےالوداعی ملاقات کی۔ پاک فوج کے سپہ سالار نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون اور آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران مجاہد انور خان کی قائدانہ صلاحیتوں کوبھرپور سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اور مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے شاندار کیریئر کے دوران ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی خدمات کو سراہا، بالخصوص آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ کے دوران ایئرچیف کی قائدانہ و پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون کی تعریف کی۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کی کوششوں اور قائدانہ صلاحیتوں کے باعث پاک فضائیہ آج کسی بھی دوسری فورس سے پیچھے نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر ایئر چیف مجاہد انور خان کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے جی ایچ کیو میں یادگارشہدا پر پھول بھی چڑھائے۔