ائیر بیس پر حملہ کرنے والے شرپسند کو نہیں چھوڑیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی

May 15, 2023 | 18:18:PM
ائیر بیس پر حملہ کرنے والے شرپسند کو نہیں چھوڑیں گے: وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی
کیپشن: وزیراعلیٰ محسن نقوی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ائیر بیس پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمے درج کئے گئے ہیں، اس میں ملوث کسی بھی شرپسند کو نہیں چھوڑیں گے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی میانوالی پہنچے جہاں انہوں نے پی اے ایف ائیربیس میانوالی او رجوڈیشل کمپلیکس کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے شرپسندوں کے حملے سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو بلوائیوں کے حملے اور نقصانات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے پی اے ایف ائیر بیس میانوالی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارے دلیر جوانوں نے بہادری کے ساتھ ائیر بیس پر حملہ ناکام بنایا اور ائیر بیس کو بچایا، جس پلاننگ کے تحت دہشت گردوں نے یہاں حملہ کیا، اس سے بہت بڑانقصان ہوسکتا تھا، اللہ تعالیٰ کا شکر ہے پاکستان ایئر فورس اور پنجاب پولیس کے افسروں اور جوانوں نے جس طرح سے ائیر بیس کو محفوظ رکھا ہے یہ ایک مثال ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جن افسروں اور جوانوں نے یہ حملہ ناکام بنایا ہم انہیں میڈلز دینے کی سفارش کریں گے، جو بھی قانون کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ائیر بیس پر حملہ کرنے والے شرپسند 54 تھے جو گرفتار ہیں جبکہ میانوالی میں کل 323 گرفتاریاں ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ علامتی طورپر بہت اہم ہے، اسی لئے یہاں پر آئے ہیں او راس کے سامنے کھڑے ہوکر آپ سے بات کر رہے ہیں، اس طیارے کی اپنی ایک حیثیت اور اہمیت ہے، جنہوں نے اس طیارے کو نقصان پہنچایا ہے یا بیس پر حملہ کیا ہے وعدہ ہے کہ کوئی بچ نہیں پائے گا، کوئی ایک بھی بندہ غیر قانونی طورپر نہیں پکڑ رہے۔