امریکی ناظم الامور کی مریم نواز اور شہباز شریف سے ملاقات۔۔اہم امور پر بات چیت

Oct 14, 2021 | 17:52:PM
پاک امریکا۔تعلقات۔ملاقاتیں۔مریم۔شہباز
کیپشن: امریکی سفارتکار مریم نواز سے ملاقات کر رہی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)امریکی ناظم الامور انجیلا پی ایگلر نے مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف سے ماڈل ٹاﺅن میں ان کی رہائشگا ہ جبکہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سے جاتی امرا میں الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی کے امور، پاک امریکا تعلقات ،عالمی وعلاقائی امن وسلامتی، افغانستان کی صورتحال، خواتین اور بچوں کے حقوق، تعلیم وصحت اور دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کے فروغ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔امریکی ناظم الامور نے شہباز شریف کی خیریت بھی دریافت کی۔مسلم لیگ (ن) کے صدر نے امریکی ناظم الامور کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

قبل ازیں امریکی ناظم الامور اینجلا ایگلر کی جاتی امرا آمد پر مریم نواز نے دیگر پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ استقبال کیا۔ لاہور میں امریکی قونصلیٹ کے قونصل جنرل ولیم میکانول اور پولیٹیکل آفیسر خدیجہ کورے بھی امریکی ناظم الامور کے ہمراہ تھیں۔ ملاقات میں شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پرویزرشید، خرم دستگیر، مریم اورنگزیب، طارق فاطمی اور بلال کیانی بھی موجود تھے۔

مریم نوازنے محمد نوازشریف اور پارٹی کی جانب سے نومنتخب صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت کو مبارکباد اورپاکستان کے عوام کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام بھی دیا۔ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ محمد نوازشریف نے عدم مداخلت کی پالیسی کو اپنی خارجہ پالیسی کا بنیادی محور بنایا تھا اور ہمسایوں سمیت تمام ممالک کے ساتھ خوشگوار، باہمی اعتماد، امن وترقی پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا تھا۔ افغانستان کو اپنا قریبی ہمسایہ سمجھتے ہیں اور اس کی خودمختاری کا احترام کرتے ہیں۔افغانستان میں کسی مداخلت کے حامی نہیں۔ 

مریم نوازنے کہاکہ ہم افغان عوام، خواتین اور بچوں کے لئے امن، ترقی اور خوش حالی کے خواہاں ہیں۔ افغانستان کے عوام کی انسانی مدد کے لئے پوری دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ ایسی سازگار فضاناگزیر ہے جس میں لاکھوں افغان مہاجرین عزت ووقار کے ساتھ اپنے گھروں کو لوٹ سکیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔ نوازشریف نے دہشتگردی کے خلاف قومی بیانیہ تشکیل دیا اور پوری قوم کو اس عفریت کے خلاف متحد کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن)پرامن بقائے باہمی، جمہوریت و ترقی اور سلامتی پر مبنی ایجنڈے کے فروغ میں یقین رکھتی ہے۔ ہم جمہوریت اور جمہوری اصولوں کی نشوونما اور مضبوطی چاہتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے دنیا بھر کے جمہوریت پسندوں کے ساتھ شریک کار ہونا چاہتے ہیں۔
 امریکی ناظم الامور نے انسداد دہشتگردی کے لئے پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مریم نوازشریف کی خواتین،بچوں، ذرائع ابلاغ، انسانی حقوق کے لئے جدوجہد کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں۔آریان خان کی گرفتاری ۔۔۔این سی بی اہلکار کا بڑا دعویٰ سامنے آگیا۔۔۔