پاکستان اور  جنوبی افریقہ  کے درمیان  تیسرا ٹی 20 آج کھیلا جائے گا

Apr 14, 2021 | 12:20:PM

(24نیوز)پاکستان اور جنوبی افریقہ کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل آج سنچورین میں کھیلا جائے گا۔4میچوں کی سیریزکےدوسرے میچ میں شکست کے بعدپاکستانی ٹیم کو اپنی اچھی کارکردگی سے سیریز میں برتری حاصل کرنے کےلئے مزید محنت کرنا ہوگی۔

پاکستان نے مڈل آرڈر کی ناقص کارکردگی کے باوجود جنوبی افریقہ کیخلاف ون ڈے سیریز 2-1 سے اپنے نام کی،پھر پہلے ٹی ٹوئنٹی میں بمشکل ایک گیند قبل ہدف حاصل کیا، اس میچ میں بولرز اسٹار کرکٹرز سے محروم میزبان بی ٹیم کے بیٹسمینوں کو بڑا مجموعہ حاصل کرنے سے نہ روک پائے۔ آخری 5اوورز میں قدرے بہتر بولنگ نہ ہوتی تو پروٹیز 200سے زائد کا ہدف دینے میں کامیاب ہوجاتے۔بیٹنگ میں بھی ڈراپ کیچ سے موقع پانے والے محمد رضوان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا، مشکل صورتحال میں فہیم اشرف نے کارآمد اننگز کھیلی اور گرین شرٹس ناکامی سے بال بال بچے، ون ڈے سیریز اور پہلے ٹی ٹوئنٹی میں سامنے آنے والی خامیاں دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں کھل کر سامنے آگئیں،طویل بیٹنگ لائن میں سے کسی نے جدید کرکٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ اننگز نہیں کھیلی، محمد حفیظ نے اچھی فارم کی جھلک دکھائی لیکن جلد آؤٹ ہوگئے۔

 بابر اعظم نے سست روی سے کھیلتے ہوئے ففٹی بنائی اور جب تیزی سے رنز بنانے کی سخت ضرورت تھی تو وکٹ گنوا بیٹھے، تیسرا ٹی ٹوئنٹی بدھ کو سنچورین میں کھیلا جائے گا،الرجی کی وجہ سے فخرزمان کی ٹانگ میں دانا نکل آیا تھا، اس وجہ سے دوسرے میچ میں شرجیل خان کو میدان میں اتارا گیا لیکن یہ تجربہ کامیاب نہیں رہا، اوپنر نے صرف 8رنز بنائے اور ایک ممکنہ کیچ پر غفلت کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ فیلڈنگ میں مشکلات کا شکار نظر آئے۔

ذرائع کے مطابق فخرزمان تیزی سے روبصحت اور انھیں پلیئنگ الیون کا حصہ بنائے جانے کا امکان ہے،محمد رضوان، بابر اعظم اور محمد حفیظ کو اپنے بیٹنگ پلان پر ازسر نو غور کرتے ہوئے بڑی اننگز کھیلنا ہوں گی،ابھی تک اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہ کرپانے والے حیدر علی دباؤ میں ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ایم ایس نے تھپڑ کھا کر آکسیجن والی گاڑی چھڑوا لی
 

مزیدخبریں