سندھ سرکار بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کیلئے تیار

Jan 13, 2023 | 15:03:PM
سندھ سرکار الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کیلئے تیار ہوگئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا
کیپشن: بلدیاتی انتخابات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (آزاد نہڑیو) سندھ سرکار الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات 15 جنوری کو کروانے کیلئے تیار ہوگئی۔ چیف سیکریٹری سندھ نے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کے لئے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری الیکشن کمیشن، آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات، صوبائی الیکشن کمشنر، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری عملدرآمد، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، فائیو کور کا نمائندہ، کمشنر حیدرآباد، ڈی آئی جی حیدرآباد، کراچی اور حیدرآباد ڈویزن کے ڈپٹی کمشنر شرکت کریں گے۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کا جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق سندھ حکومت الیکشن کمیشن کے فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے، سندھ حکومت نے بلدیاتی الیکشن سے متعلق اپنا اختیار استعمال کیا، ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کی سکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز معذرت کرچکی جب کہ الیکشن میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی وفاق کا اختیار ہے۔

 واضح رہے چیف الیکشن کمشنر کے زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سندھ حکومت کی درخواست اور نوٹیفکیشنز پر غور کیا گیا، صوبائی حکومت نے کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دادو ضلع کی دو تحصیلوں خیرپور ناتھن اور مہر کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے قانونی اور آئینی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت کی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ کراچی ڈویژن، حیدرآباد اور دیگر اضلاع میں انتخابات شیڈول کے مطابق 15 جنوری کو ہی ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو ہدایت کی کہ انتخابات کے دوران انتہائی حساس پولنگ سٹیشنوں پر فوج/ رینجرز کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔