موسم ِسرما کی 6 خاص سوغات کونسی ہیں؟

Dec 13, 2022 | 12:40:PM
فائل فوٹو
کیپشن: موسم ِسرما کی 6 خاص سوغات کونسی ہیں؟
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )سرد ہواؤں کا سلسلہ شروع ہوتے ہیں لوگ سردی سے بچنے کے لئے گرم کپڑوں کے ساتھ ساتھ اپنی غذا میں گرم مشروبات، میوہ جات اور گرم غذاؤں کا استعمال شروع کردیتے ہیں تاکہ جسم کو سردی کے اثرات سے محفوظ کرکے اس موسم کو بھرپور طریقے سے انجوائے کرسکیں۔چونکہ پاکستان میں سردیاں زیادہ طویل وقت کے لئے نہیں آتیں لہٰذا لوگ اس خاص موسم کی خاص سوغاتوں کو بنانے اور کھانے کا اہتمام بڑے ذوق وشوق سے کرتے ہیں کیونکہ یہ سوغاتیں سردیوں کا لطف دوبالا کردیتی ہیں۔

گاجر کا حلوہ

گاجر کا حلوہ سردیوں کی خاص سوغات ہے اور یہ صحت کے لیے نہایت مفید بھی ہے، اس حلوے کا سب سے اہم جز گاجر ہے، جو کہ وٹامن اے، وٹامن سی، وٹامن کے اور فائبر سے بھرپور سبزی ہے۔گاجروں میں موجود وٹامن اے بینائی کو بہتر کرتا ہے جبکہ اس کے حلوے میں شامل کیے جانے والے دودھ اور خشک میوہ جات سےجسم کو کیلشیئم، پروٹین اور اینٹی آکسائیڈنٹس بھی حاصل ہوتے ہیں۔

کشمیری چائے

 کشمیر میں سردی کا موسم طویل ہوتا ہے اس لیے کشمیر کے لوگ اس چائے کو بہت زیادہ پیتے ہیں۔ پاکستان بھر میں کشمیری چائے بہت مشہور ہے بلکہ یہ شادی بیاہ کے مواقع پر بھی کھانے کے ساتھ رکھی جاتی ہے۔کشمیری چائے میں موجود ہر اجزا سبز چائے، الائچی ، لونگ ، بادام ، پستے اور دودھ کی اپنی اہمیت اور افادیت ہیں، اور جن لوگوں کو دودھ پسند نہیں ہوتا تو قہوے کی صورت میں بھی اس سے استفادہ کر سکتے ہیں۔

مچھلی

سردی کے موسم میں ذائقے اور افادیت سے بھر پور غذا مچھلی کا استعمال لوگ بہت شوق سے کرتے ہیں۔مچھلی میں وافر مقدار میں سیلینیم پایا جاتا ہے ،یہ جز و مدافعتی نظام کو مضبوط کرنے میں اہم کردارادا کرتاہے۔ اس کے گوشت میں غذائیت بخش اجزاء وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔اس میں موجود فاسفورس جسم کی نشوونما کے علاوہ دماغ کو توانائی بخشتی ہے، جس سے ذہانت تیز ہوتی ہے۔مچھلی کو وٹامن اے اور وٹامن ڈی کا خزانہ بھی کہا جاتا ہے۔یہ دونوں وٹامن جِلد، دانتوں اور ہڈیوں کے لیے اہم ہیں۔مچھلی میں وٹامن بی بھی کثرت سے پایا جاتا ہے۔یہ وٹامن لحمیات(پروٹین)کو ہضم کرنے اور اعصابی نظام کی خرابیاں اور کمزوریاں دور کرنے میں مدد دیتا ہے۔اسے کھانے سے زکام اور کھانسی کو دور بھگانے میں مدد ملتی ہے۔اس لئے اس کا استعمال صرف سردیوں میں ہی نہیں بلکہ پورا سال ہی ہفتے میں ایک مرتبہ لازمی کھانی چاہیئے۔

مونگ پھلی

مونگ پھلی صحت مند چربی، پروٹین اور فائبر کا ایک اچھا ذریعہ ہے۔اس میں بہت سے وٹامنز پوٹاشیم، فاسفورس اور میگنیشیم پائے جاتے ہیں۔اگرچہ مونگ پھلی میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں لیکن یہ غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں اور ان میں کاربوہائیڈریٹس کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔

پائے

پائے برصغیر کی بہترین اور سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ڈش ہے اس کو پکنے میں کافی دیر لگتی ہے۔اس کا اصل مزہ اس میں شامل کیے گئے پائے کے گودے کا ہوتا ہے اور اسی سے جسم کو طاقت بھی ملتی ہے۔پائے، گائے کے بھی ہوتے ہیں اور بکرے کے بھی اب یہ کھانے والے پر ہوتا ہے کہ وہ کونسے پائے کھانے کو ترجیح دیتا ہے۔پائے اور اس کا سالن کھانے سے قوت مدافعت بہتر ہوتی ہے کیونکہ اس میں موجود فاسفورس دانتوں اور ہڈیوں کو طاقت فراہم کرتا ہے۔ اس سالن کو کھانے سے ہڈیوں کا درد بھی کم ہوتا ہے اور اس سے ہڈیاں مضبوط بھی ہوتی ہیں۔

سوپ

موسم سرما کا ذکر ہو اور جسم کو گرماہٹ دینے والی غذاؤں کی فہرست میں سوپ کا نام نہ شامل ہو یہ تو ممکن ہی نہیں ہے، یہ جلد ہضم ہونے والی غذا ہے۔سوپ افادیت کے لحاظ سے لاجواب ہے، بلکہ یہ نظامِ ہضم کی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے بھی کار آمد ہے۔ ویسے تو مرغی اور بکرے کا سوپ بے حد مفید ہے لیکن سبزیوں سے تیار کردہ سوپ بھی انتہائی لذیذ اور قوت بخش ہوتا ہے۔اسی لیے سوپ میں وٹامنز، معدنیات ، ریشہ اور پروٹین وافر مقدار میں موجود ہوتا ہے، جو اسے ایک مکمل، طاقتور اور توانائی فراہم کرنے والی غذا بناتا ہے۔