مسلمان حکمران پونے دو ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں،سراج الحق

Nov 12, 2023 | 00:07:AM
مسلمان حکمران پونے دو ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں،سراج الحق
کیپشن: امیر جماعت اسلامی سراج الحق استنبول میں الاتحاد العالمی لعلما المسلمین کے اجلاس سے خطاب کر رہے ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے استنبول میں الاتحاد العالمی لعلما المسلمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریاض میں جاری او آئی سی سربراہی اجلاس سے مطالبہ کیا ہے کہ اس نازک موقع پر مسلمان حکمران پونے دو ارب عوام کی حقیقی نمائندگی کا حق ادا کریں، اقتدار عوام کی امانت ہے، یہ ہمیشہ نہیں رہے گا، لیکن آئندہ نسلیں اور تاریخ انھیں اسی حوالے سے یاد رکھے گی۔ غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کو 35روز گزر گئے، بچوں اور خواتین کو بے دریغ قتل کیا جا رہا ہے، ہسپتال، سکول محفوظ نہیں، اسرائیلی سفاکیت کو روکنے کیلئے فوری عملی اقدامات کئے جائیں، او آئی سی ایسے اعلانات کرے جس سے پوری امت مسلمہ کی حوصلہ افزائی ہو۔
الاتحاد العالمی لعلماالمسلمین کے اجلاس سے سیکرٹری جنرل علی محی الدین القرہ داغی نے بھی خطاب کیا، اجلاس میں ترکی، ایران، افغانستان، یمن اور دیگر اسلامی ممالک کی تحریکوں کے قائدین اور نامور علمائے کرام شرکت کر رہے ہیں، شرکا نے غزہ میں فوری جنگ بندی، زخمیوں کی طبی امداد اور عالمی امداد کی رسائی کے مطالبات کئے۔
سراج الحق نے کہا کہ ریاض میں جاری اسلامی سربراہی کانفرنس میں حماس کی قیادت کو بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع دیا جائے، رفح کراسنگ کھول کر وہاں فی الفور ایمرجنسی بنیادوں پر ہسپتال تعمیر کیا جائے، فلسطینیوں کی سکیورٹی کا بندوبست کرنا اسلامی ممالک کی ذمہ داری ہے، مسجد اقصیٰ کی حفاظت کیلئے امت ایک ہو جائے۔
امیر جماعت نے شرکا کو بتایا کہ جماعت اسلامی اپنے تئیں پاکستان میں رائے عامہ کی ہمواری کیلئے فلسطین کا مقدمہ پوری جرا¿ت سے لڑ رہی ہے،ہم نے ملک کے بڑے شہروں میں غزہ ملین مارچز نکالے اور اب 19نومبر کو لاہور میں ایک تاریخ ساز فلسطین یکجہتی مارچ کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے، جماعت اسلامی نے ملک کی سیاسی قیادت کو قومی فلسطین کانفرنس میں مدعو کیا، القدس کمیٹی تشکیل دی جس نے اسلام آباد میں مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات کر کے انھیں پاکستانی عوام کے جذبات سے آگاہ کیا۔
 انھوں نے کہا کہ اس کے باوجود کہ پاکستان میں الیکشن کے انعقاد کا اعلان ہو چکا ہے، لیکن جماعت اسلامی نے سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ فلسطین کو فوکس کیا ہوا ہے، انھوں نے کہا کہ علمائے کرام اور اسلامی تحریکیں اپنے اپنے ممالک میں امت کے اتحادکیلئے کاوشیں کریں، اسی سے ہی سے ہم اپنا کھویا ہوا عظیم ماضی حاصل کر سکتے ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ امریکا اور مغرب کی حکومتوں کی جانب سے اسرائیل کی بھی حمایت نہ صرف مسلمانوں بلکہ انسانیت سے ہمدردی رکھنے والے ہر انسان کے لیے تکلیف دہ ہے۔ اسرائیل نے فلسطینیوں کی سرزمین پر قبضہ کیا اور سات دہائیوں سے ان کے قتل عام میں ملوث ہے، لاکھوں فلسطینی اپنا گھر بار چھوڑ کر بیرون ممالک کیمپوں میں زندگیاں گزار رہے ہیں، عالمی برادری اہل فلسطین کو ان کا حق دلائے، اقوام متحدہ اپنی ذمہ داری ادا کرے۔ دنیا میں انصاف کو نظرانداز کرکے ظالم کی مدد ہوتی رہی تو اس سے عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: قومی کرکٹ ٹیم کی واپسی کب ہوگی؟ پی سی بی نے اہم بیان جاری کردیا