پی ایس ایل 8: سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو ملتان کے ہاتھوں شکست

Mar 12, 2023 | 12:10:PM
پی ایس ایل 8: سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ کو ملتان کے ہاتھوں شکست
کیپشن: گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دیکر پلے آف مرحلے میں جگہ بنالی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور محمد رضوان نے کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کوئٹہ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کر ڈالی۔

انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔ 

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 77 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے بھی 50 رنز دیے اور ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا سکی اور اس طرح اسے 9 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، جیسن رائے، مارٹن گپٹل اور محمد حفیظ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن اس کے بعد عمیر یوسف اور افتخار احمد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں بلکہ کوئٹہ کو میچ میں واپس لے آئے۔

افتخار احمد 53 رنز  بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمیر یوسف نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عمر اکمل نے بھی صرف 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے، قیس احمد اور نوین الحق 17، 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔