بلاول کشمیر کی انتخابی مہم سے بھاگ گئے، مریم نواز بھی جلد بھاگ جائیں گی، وفاقی وزرا

Jul 12, 2021 | 20:29:PM
بلاول کشمیر کی انتخابی مہم سے بھاگ گئے، مریم نواز بھی جلد بھاگ جائیں گی، وفاقی وزرا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپوزیشن جماعتوں کی آزاد کشمیر میں جاری انتخابی مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری میدان سے بھاگ گئے ہیں اور بہت جلد مریم نواز بھی راہ فرار اختیار کریں گی۔
 منگل کو وفاقی وزرا فواد چودھری، حماد اظہر اور معاون خصوصی شہزاد اکبر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں افغان امور، ملک میں توانائی کے مسائل سمیت دیگر معاملات سے آگاہ کیا۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم افغانستان کے معاملات کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور وزیرخارجہ وسطی ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں وہاں بھی اس حوالے سے بات ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اس وقت دنیا پوری دنیا افغانستان کے اندر امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتی ہے، امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے اپنے بیان میں پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت چاہے امریکا ہو، چاہے روس ہو یا پھر چین ہو تمام ممالک پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف کر رہے ہیں۔
فوادنے کہا کہ ہماری افغان پالیسی بڑی واضح ہے اور ہم اسی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پالیسی بیان دیا تھا کہ امن کے حصے دار ہوں گے لیکن تنازع میں شراکت دار نہیں ہوں گے، اسی اصول کو ہماری پارلیمانی پارٹی نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا، جس کو تمام سیاسی جماعتوں نے اسی موقف کی حمایت کی۔ انہوںنے کہاکہ آزاد کشمیر میں انتخابی مہم چل رہی ہے اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی پوزیشن مستحکم ہے، پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جو آزاد کشمیر کے پورے حلقوں میں امیدوار کھڑی کر سکی ہے، کوئی اور جماعت تمام حلقوں میں امیدوار کھڑی نہیں کر سکی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسی لیے وہاں سے میدان چھوڑ کر بھاگ گئے کہ ان کو پتہ چلا کہ وہاں پر ان کے امیدوار ہی نہیں ہیں اور مجموعی طور پر 8 امیدوار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے بلاول بھٹو زرداری کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ اپنی مہم ادھوری چھوڑ کر بھاگ گیا۔ 
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری طرف مریم نواز مہم چلا رہی ہیں، ان کے پاس بھی کوئی پالیسی نہیں ہے اور انہیں کشمیر کی تاریخ کا علم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو علم نہیں ہے کہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے تعلقات کتنی دفعہ کروٹیں بدل چکے ہیں، ان کو یہ بھی علم نہیں ہے کہ کشمیریوں کے لئے پاکستان نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز وہاں جو پرچار کر رہی ہیں، اس کا نہ کوئی سر ہے اور نہ پیر ہے، اسی لئے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ابھی سے انتخابات میں دھاندلی کا واویلا مچانا شروع کردیا ہے کیونکہ کشمیر میں ان کی سیاسی پوزیشن تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے ۔انہوںنے کہاکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پریس کانفرنس میں اپنے مقدمات کے بارے میں بتانے کے بجائے توانائی پر بات کی اور کہا ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ واپس آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے اپنے مقدمات کے حوالے سے میڈیا کو بتائیں اور کچھا چٹھا کھول دیں اور پھر عدالتوں کو بھی بتائیں اور ثبوت پیش کریں۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے دعویٰ کیا کہ ملک میں لوڈ شیڈنگ واپس آگئی ہے تاہم میں چند اعداد شمار پیش کرنا چاہوں گا جب میں دو ماہ قبل وزیر بنا تو میرے سامنے چونکا دینے والے حقائق تھے اور وہ میرے لیے بھی پریشانی کا باعث بن گئیں کہ پچھلی حکومت کیا کر کے گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کہیں لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے تو بجلی کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ بجلی کی ترسیل کی وجہ سے ہو رہی ہے، تاہم پچھلے ہفتے ساڑھے 24 ہزار میگاواٹ کئی دن کامیابی کے ساتھ ترسیل کی اور طلب بھی اتنی ہی تھی، جس کی وجہ سے چند روز قبل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کر دی گئی تھی۔
انہوں نے کہاکہ جہاں بجلی چوری ہو رہی ہے یا ترسیل کے مسائل ہیں وہاں لوڈ شیڈنگ کے مسائل ہو سکتے ہیں لیکن ہم نے ساڑھے 24 ہزار میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی ہے جو ریکارڈ ہے۔حماد اظہر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی جانب سے بجلی کے کیے گئے سودوں کی بدولت 2023 میں کرایے کی مد میں ادائیگیاں 1300 ارب سالانہ ہوں گے اور 2028 میں یہ 5 سے 6 ہزار ارب سے بھی زیادہ ہوں گے۔
شہزاد اکبر نے کہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے اداروں کو اپنے ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا، ماضی میں ن لیگ نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا،شہبازشریف کی حالت زار پوری قوم دیکھ رہی ہے۔ شہبازشریف کو لندن جانےکی اجازت نا دیئے جانے پر انکی طبیعت ناسازرہتی ہے،شہبازشریف بیل آرڈرز پر قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں،شہبازشریف نے بے نامی اکاؤنٹس سے 25 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کرائی، نواز شریف سزایافتہ مجرم قراد دیئے جا چکے ہیں۔
 انہوں نے کہاکہ شہباز شریف سے ایف آئی اے سوال پوچھتا ہے تو انہیں ناگوار گزرتا ہے،اگر چبھتے سوالات سے شہبازشریف ہراساں ہوتے ہیں تو ہم کچھ نہیں کرسکتے، حمزہ شہبازنے بھی تحقیقات پر ایف آئی اے حکام کو دھمکیاں دیں،شریف فیملی کی طرف سے اداروں کو دھمکانا ان کی وراثت میں شامل ہے۔ انہوںنے کہاکہ شہبازشریف لندن بھاگنے کی کوشش کی بجائے کرپشن تحقیقات میں اداروں کے سوالات کا جواب دیں۔ انہوںنے کہاکہ زرداری کے جعلی اکاو¿نٹس کیس سے300 ارب روپے کی ریکوری ہوچکی ہے۔