جونیئر ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان کو کوارٹر فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست

Dec 12, 2023 | 18:09:PM
جونیئر ہاکی ورلڈ کپ: پاکستان کو کوارٹر فائنل میں اسپین کے ہاتھوں شکست
کیپشن: پاکستان نے 14 سال کے طویل عرصے بعد جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(رانا آذر) جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں اسپین نے پاکستان کو 2-4 سے شکست دے دی۔ 

ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں جاری جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ میں عالمی رینکنگ نمبر 6 اسپین نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔

کھیل کے پہلے ہاف کے 12 ویں منٹ میں پاکستان کے کپتان عبدالحنان شاہد نے فیلڈ گول اسکور کرکے پہلے ہاف کے اختتام تک پاکستان کو ایک گول کی برتری دلا دی۔

کھیل کے دوسرے ہاف کے37 ویں منٹ میں اسپین کے کھلاڑی پال، 38 ویں منٹ میں ایلیکس اور 41 ویں منٹ میں پابلو نے گول اسکور کرکے اسپین کو تین کے مقابلے میں ایک گول کی برتری دلا دی۔

بعد ازاں 43 ویں منٹ میں پاکستان کے محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول کیا جبکہ 45 ویں منٹ میں اسپین کے پال نے اپنا دوسرا گول اسکور کرکے اسپین کو 2-4 سے برتری دلا کر کوارٹر فائنل میں فتح حاصل کرلی۔

اسپین عالمی رینکنگ میں نمبر 6 اور پاکستان 12 ویں پوزیشن پر ہے۔ پاکستان نے 14 سال کے طویل عرصے بعد جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔