عمران خان تمہیں غیر ملکی سازش نے نہیں،اپنے ایم این ایز نے نکالا ہے،مریم نواز

May 11, 2022 | 19:24:PM
مریم نواز، عمران خان، نواز شریف، غیر ملکی سازش، ایم این ایز نے نکالا،
کیپشن: مریم نواز، جلسے سے خطاب کر رہی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہناہے کہ عمران خان کو نہ ہی نوازشریف نے اور نہ ہی غیر ملکی سازش نے نکالا، تمہیں تمہارے اپنے ایم این ایز نے نکالا،تمہارے اپنے ایم این ایز نے تمہارے خلاف عدم اعتماد کیا۔
صوابی میں جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ صوابی کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں،صوابی کے عوام نے ریاستی مشینری کا مقابلہ کرتے ہوئے ن لیگ کو فتح دلائی ،شکر ہے ان جھوٹوں اور ڈرامہ بازوں سے پاکستان کی جان چھوٹ گئی ، شکر ہے ان قومی مجرموں اور فتنہ سازوں سے پاکستان کی جان چھوٹ گئی،اگلے الیکشن میں عمران خان سے خیبرپختونخوا کی بھی جان چھوٹے گی۔
سینئر نائب صدر ن لیگ نے کہاکہ عمران خان کا دامن کارکردگی سے خالی ہے،چار سال میں ایک منصوبہ نہ ہو تو جھوٹے خط کے ڈرامے کی ضرورت پڑتی ہے،عوام جانتے ہیں عمران خان کے خلاف کوئی سازش نہیں ہوئی ، عمران خان کو نہ ہی نوازشریف نے اور نہ ہی غیر ملکی سازش نے نکالا، تمہیں تمہارے اپنے ایم این ایز نے نکالا،تمہارے اپنے ایم این ایز نے تمہارے خلاف عدم اعتماد کیا،تمہارے ارکان اسمبلی مسلم لیگ ن کا ٹکٹ مانگ رہے تھے۔
مریم نواز نے کہاکہ عمران خان ڈرامہ بازی بند کرو، رونا دھونا بند کرو،عوام کو بتاﺅ تم نے چار سال میں کیا کرتوت کئے ہیں ، یہ چار سال ہیلی کاپٹر میں جھولے لیتا رہا ، سرکاری خرچے پر بنی گالہ کو پالتا رہا،عمران خان اپنی بری کارکردگی کوسازش کے پردے میں نہیں چھپا سکتے۔
انہوں نے کہاکہ عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو نکالنا ضروری تھا، پاکستان کھائی میں گر رہا تھا،ہمیں نظر آ رہا تھا عوام کے پاس روٹی، چینی اور بجلی نہیں ہے،پاکستان ایک ایسے درخت کی طرح کھڑا ہے جس کی کوئی بھی جڑ سلامت نہیں ۔مریم نواز نے کہاکہ عمران خان پاکستان کو کھوکھلا کر گیا ہے، یہ 25 ہزار ارب روپے کے قرضے لے گیا اور ایک بھی نئی اینٹ نہیں لگائی ،ہم سمجھ رہے تھے پاکستان آئی سی یو میں ہے ،حکومت میں آکر پتہ چلا پاکستان وینٹی لیٹر پر اپنی آخری سانسیں لے رہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ صوابی کے عوام سے وعدہ کرتی ہوں نوازشریف پاکستان کو ٹھیک کر کے دکھائے گا،جتنی گربڑ عمران خان کر گیا ہے یہ ملک تین چار سال میں ہی ٹھیک ہو گا۔آئندہ خیبرپختونخوا کو بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا پڑے گا۔ خیبرپختونخوا کے عوام اگلے الیکشن میں اپنی ترقی کو ووٹ دیں، ن لیگ کو ووٹ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ، سونا بھی پیچھے نہ رہا، ریکارڈ ٹوٹ گئے