پولیس عمران گرتی ہوئی حکومت کا آلہ کار بننے سے پرہیز کرے۔مریم نواز

Mar 11, 2022 | 00:06:AM
پولیس۔آلہ کار۔عمران۔ تکبر ۔ غرور۔ احترام
کیپشن: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ لاجز میں جے یوآئی کے کارکنو کی گرفتاری اور ہاتھا پائی پرکہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کو عمران خان اور اس کی تیزی سے گرتی ہوئی حکومت کا آلہ کار بننے سے پرہیز کرنا چاہئے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نوازنے کہا کہ اس قسم کی پاگل پن پر مبنی کارروائیوں کا الزام اپنے سر لینا مناسب نہیں،نقصان اٹھانا پڑے گا۔


قبل ازیں ایک اور ٹویٹ میں مریم نواز نے کہاہے کہ عمران خان آنکھیں کھول کے دیکھیں ان کی جماعت کے بخیے ادھڑ رہے ہیں۔ غصہ، اشتعال، دھمکیاں، گالیاں، زبان درازی، گھبرا گئے ہونا، آپ نے پاکستان کو تباہی و بربادی کے گڑھے میں پھینک دیا ہے، اور آج چاروں طرف غربت، مہنگائی، بےروزگاری، بدامنی اور دہشتگردی کا راج ہے، قوم عمران خان کی نااہلیت، جہالت اور کھلنڈرے پن کی بہت قیمت ادا کرچکی ہے، اب مزید کی کوئی گنجائش نہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ناکامیوں کا الزام نہ اپوزیشن کو دیں اور نہ ہی دوسرے ممالک کو، آپ سازش کا واویلا مچا کر قوم کو بے وقوف نہیں بنا سکتے۔ جس شخص کو نہ تاریخ کا علم ہو نہ جغرافیہ کا، جسے نہ خارجہ پالیسی کا پتہ ہو نہ سفارتی تعلقات کا، جسے نہ حکومت چلانا آیا ہو نہ عوام کے مسائل حل کرنا، وہ وہی کچھ کرسکتا تھا جو عمران خان نے پونے 4 سال میں کیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان کا کارنامہ یہ ہے کہ انہوں نے پاکستان کو اندرونی طور پہ تباہ و برباد اور بیرونی طور پہ تنہا کر دیا ہے، دنیا میں ہمارے دشمنوں کے لئے ان سے بہتر کون ہوگا، عمران خان اپنا انجام دیکھ کر گھبرائیں نہیں اور ڈرامے بازی بند کریں، یہ دن تو آنا ہی تھا۔ حالات کے ذمہ دار آپ خود ہیں، آپ کی زبان، آپ کا تکبر اور غرور ہے اور اپنے ممبران کو احترام نہ دینا ہے، اب بہت دیر ہو چکی، آپ کی خالی دھمکیاں اب کسی کام کی نہیں۔ 


 یہ بھی پڑھیں۔جے یو آئی ارکان کی گرفتاری ،فضل الرحما ن کا ملک بھر میں سڑکیں بند کرنے کا حکم