ٹی 20 ورلڈ کپ: کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے پہلی کامیابی سمیٹ لی

Jun 11, 2024 | 19:13:PM
ٹی 20 ورلڈ کپ: کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست، پاکستان نے پہلی کامیابی سمیٹ لی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 22 ویں میچ میں پاکستان نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کی پہلی کامیابی سمیٹ لی۔

نیویارک کے ناساؤ کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے 22 ویں مقابلے میں پاکستان اور کینیڈا کے ٹیمیں مدمقابل ہوئیں، پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے  کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز سکور کیے، کینیڈا کے 107 رنز کے ہدف کو پاکستان نے 18 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔

کینیڈا کی جانب سے آرن جانسن نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی، انہوں نے 44 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز جم کر بیٹنگ نہ کر سکا، پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے عمدہ گیند بازی کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 13 رنز کے عوض 2 وکٹیں لیں، ان کے علاوہ حارث رؤف نے 26 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھانے میں کامیاب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: حارث رؤف نے ٹی 20 کرکٹ میں اہم اعزاز اپنے نام کر لیا

پاکستان کی جانب سے محمد رضوان نے 53 گیندوں پر ناقابلِ شکست 53 رنز سکور کیے، ان کے علاوہ کپتان بابر اعظم نے 33 گیندوں پر 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، صائم ایوب 6 اور فخر زمان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، کینیڈا کی جانب سے ڈیلون ہیلیگر نے عمدہ گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں،ان کے علاوہ جیرمی گورڈن نے 17 رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پاکستانی کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹیم میں افتخار احمد کی جگہ صائم ایوب شامل کیا ہے، میں اوپنگ ہی کروں گا، کوشش کریں گے پہلے 6 اورز کا اچھا استعمال کریں۔

دوسری جانب کینڈین کپتان سعد بن ظفر کا کہنا تھا کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بولنگ کرتے، ہم نے اب تک ٹورنامنٹ میں اچھی کرکٹ کھیلی ہے، جانتے ہیں پاکستان ٹیم دباؤ میں ہو گی۔