جنسی ہراسانی کا الزام: صرحا اصغر کی عدم دلچسی پر ملزم رہا

Aug 11, 2023 | 17:44:PM
جنسی ہراسانی کا الزام: صرحا اصغر کی عدم دلچسی پر ملزم رہا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ صرحا اصغر  کی جانب سے درج کرائے گئے زیادتی کی کوشش کے مقدمے میں اداکارہ کی عدم دلچسپی پر ملزم رہا ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق  اداکارہ صرحا اصغر نے 2 اگست کو کراچی شرقی کے شارع فیصل تھانے میں عسکری 4 کے رہائشی عاصم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 555/2023 تعزیرات پاکستان کی دفعہ 354 اور 452 کے تحت درج کرائی تھی۔ راشد منہاس روڈ پر عسکری 4 کی رہائشی صرحا اصغر نے ایف آئی آر میں خود کو خاتون خانہ ظاہر کیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ کسی گھریلو کام سے مارکیٹ گئی تھیں، گھر واپس آتے ہوئے ایک آوارہ شخص نے ان کا پیچھا کیا جو آوازیں لگاتا ہوا ان کے دروازے تک آیا اور انہیں پکڑنے لگا۔

خطرہ بھانپ کر اُنہوں نے گھر کی گھنٹی بجائی جس پر ان کے شوہر لالہ عمر مرتضیٰ باہر نکلے تو مذکورہ شخص نے ان سے بھی لڑائی جھگڑا کیا۔ اداکارہ کے مطابق  ملزم کو اداکارہ کے شوہر اور اہل محلہ نے پکڑ کر قریبی پولیس کے حوالے کیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صرحا اصغر کو ہراساں کرنے کا مقدمہ ان کے شوہر عمر مرتضیٰ کی مدعیت میں دائر کیا گیا تھا۔تھانے کے شعبہ تفتیش کے انچارج کے مطابق مقدمے کے اندراج اور ملزم کو حوالہ پولیس کرنے کے بعد مدعیہ یا ان کے شوہر تھانے نہیں آئے، اگلے روز ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا تو عاصم نے تمام الزامات سے انکار کیا۔ 

خاتون جج نے زیادتی کا شکار مدعیہ کو طلب کیا تو وہ عدالت میں نہیں آئیں، یہاں تک کہ پولیس اور عدالت کے طلب کرنے پر واردات کے دوران پھٹے ہوئے کپڑے یا واقعہ کے کسی عینی شاہد کو بھی پیش نہیں کیا گیا، مدعیہ کی جانب سے کوئی وکیل بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا۔

پولیس کے مطابق ملزم مدعیہ کا پڑوسی ہے، مدعیہ کے عدم تعاون پر عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جس پر انہیں رہا کردیا گیا ہے۔

 پولیس کا کہنا ہے کہ شعبہ انویسٹی گیشن ملزم کے خلاف مقدمے کا چالان پیش کرنے کی تیاری کر رہا ہے، مدعی فریق کے عدم تعاون کی وجہ سے ایف آئی آر خارج ہو سکتی ہے،مذکورہ خبر سامنے آنے کے بعد صرحا اصغر نے واقعے سے متعلق کوئی تفصیلات بتائے بغیر صحافیوں اور میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کیا۔معروف اداکارہ صرحا اصغر  نے اپنے ساتھ پیش آنے والے  نامناسب واقعے کے بعد پہلی بار سوشل میڈیا پر  صحافیوں اور میڈیا سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ" ان سے انٹرویو کے لیے بار بار رابطہ کیا گیا۔"

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ" ان کے ساتھ واقعہ پیش آنے کے بعد متعدد صحافی انہیں اور ان کے شوہر کو مسلسل انٹرویوز کے لیے فون کالز اور میسیجز بھیج رہے ہیں۔"انہوں نے لکھا کہ" وہ چاہتی ہیں کہ صحافی انہیں فون کالز کرنا اور میسیجز بھیجنا بند کریں۔"

صرحا اصغر نے اپنی سٹوری میں صحافیوں کی جانب سے مسلسل کالز کرنے کو ریٹنگ بڑھانے سے بھی جوڑا اور لکھا کہ" صحافی اور نیوز چینل اپنی ریٹنگ بڑھانے کے چکر میں ان سے انٹرویو لینا چاہتے ہیں۔"

اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ" نیوز چینل ان کے ساتھ پیش آئے واقعے کی خبر دیتے وقت ان کی ذاتی معلومات بھی فراہم کر رہے ہیں",صرحا اصغر نے یہ بھی واضح کیا کہ "وہ اور ان کے شوہر خیریت سے ہیں۔"