(24 نیوز)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ابھی ہم نے استعفے نہیں مانگے اور استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ (ن) کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 'لاہور کا جلسہ تو 13دسمبر کو ہے لیکن آج لاہور میں قدم قدم پر جلسہ ہو رہا ہے، اب جعلی حکومت اور مہنگائی کو گھر بھیجنے کا وقت آگیا ہے۔
جاتی امرا سے روانہ ہوتے وقت میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'ایک انسان جس کا نام عمران خان ہے وہ ڈھائی سال سے کہتا رہا کہ میں این آر او نہیں دوں گا، آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے آج کے اخبارات دیکھ لیں کہ وہ شخص ہاتھ جوڑ کر مسلم لیگ (ن) اور پی ڈی ایم سے این آر او مانگ رہا ہے، اللہ تعالیٰ یہ ذلت کسی کو نہ دکھائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کہتے تھے کہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوگئی، اب ان سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن سن لو نواز شریف تمہیں این آر او نہیں دے گا۔ انہوں نےکہا کہ لاہور والوں کا کیا فیصلہ ہے؟ جعلی اسمبلیوں میں بیٹھیں یا استعفیٰ دیں، اب آندھی آئے یا طوفان اب مینار پاکستان جلسے میں ملاقات ہوگی۔
انہوں نے ڈی جے بٹ کی گرفتاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 'ڈی جے بٹ کبھی عمران خان کے ساتھی ہوا کرتے تھے، آج ان پر وقت آیا تو عمران خان نے ہمیشہ کی طرح اپنے لوگوں سے دھوکا کیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے تھے کہ آپ کا مقابلہ پی ڈی ایم سے ہے حالانکہ نواز شریف کہہ چکے ہیں کہ میرا مقابلہ بچوں اور سیاسی بونوں سے نہیں ہے، ہمیں یہ نہیں پتہ تھا کہ آپ کا مقابلہ کرسیاں فراہم کرنے والوں سے ہے ٹینٹ سروس والوں سے ہے۔
مریم نواز نے ریلی کے دوران لاہور کی پہچان لکشمی چوک پر 'بٹ کڑاہی' پر لاہوری کھانا کھایا۔ ایک صارف نے ٹوئٹر پر ان کی کڑاہی سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ویڈیو ڈالی تو مریم نواز نے اس پر تبصرہ کیا اور لکھا 'کمال کڑاہی تھی'۔
مریم نواز کی رابطہ عوام ریلی کے دوران لاہور میں میلے کا سماں تھا، راستوں میں کارکن اپنی لیڈر پر بھول نچھاور کرتے رہے، نعرے لگاتے رہے، ایک کارکن تو ریلی میں سچ مچ کا شیر تک لے آیا۔ لکشمی چوک اور لوہاری گیٹ پر آتش بازی بھی کی گئی۔