بارشوں سے 76 اموات ،پاکستان میں پھر سیلاب کا خطرہ

ملک بھر میں 25 جون سے اب تک بارشوں میں  سب سے زیادہ پنجاب میں 48 اور خیبرپختونخوا میں 20 اموات رپورٹ ہوئیں۔ این ڈی ایم اے

Jul 09, 2023 | 11:42:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)بھارت نے پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں میں پانی چھوڑدیا،پاکستانی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا،این ڈی ایم اے نے خطرے سے آگاہ کردیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کے مطابق حالیہ بارشوں نے  ملک بھر میں 76 افراد کی جان لے لی جبکہ اس دوران 133 افراد  زخمی بھی ہوگئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ  ملک بھر میں 25 جون سے اب تک بارشوں کے باعث 76 افراد جان کی بازی ہار گئے، جن میں  سب سے زیادہ پنجاب میں 48 اور خیبرپختونخوا میں 20 اموات رپورٹ ہوئیں۔

جاری کردہ رپورٹ کے مطابق  پنجاب میں 48،خیبر پختونخوا میں 20،بلوچستان میں 5 اور آزاد کشمیر میں 3 اموات ريکارڈکی گئی۔ملک بھر میں 30 مرد، 15 خواتين جبکہ 31 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

رپورٹ میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 133 بتائی گئی ہے، جن میں 49 مرد، 38 خواتین اور 48 بچے شامل ہیں اس دوران ملک بھر میں 78 گھروں کو نقصان پہنچا۔

لاہور میں  30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

لاہور میں موسلادھار بارشوں سے 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ لاہور میں موسلا دھار بارش سے مال روڈ اور  جی او آر کے علاقوں  میں متعدد درخت گرگئے جس کے باعث بجلی کے تار بھی ٹوٹ گئے، متعدد بجلی کے پولز  ٹوٹنے سے شہر کے  بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے, فیلڈ اسٹاف بجلی کا ترسیلی نظام بحال کرنے میں مصروف ہیں ۔

 دریائے چناب میں سیلاب کاخدشہ، ریلیف کیمپس قائم

 دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے لگی۔گجرات کے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین سمیت انتظامی افسران نے دریائے چناب کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لیا۔س موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدرحسین نے بتایا کہ دریائےچناب میں سیلاب کے خدشے کے باعث کوٹ غلام کےنزدیک 2 ریلیف کیمپس بنا دیےگئے ہیں، کوٹ غلام سے کوٹ نکا تک علاقہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔

ڈپٹی کمشنر صفدرحسین کے مطابق  ہیڈمرالہ پر اپ اسٹریم میں 1لاکھ 39 ہزار 492 کیوسک، ہیڈمرالہ پرڈاؤن اسٹریم میں1 لاکھ 18 ہزار43 ہزار 692 کیوسک، ہیڈ خانکی  پر اپ  اسٹریم 54404کیوسک اور  ڈاؤ ن اسٹریم 47300کیوسک پانی ریکارڈ ہوا ہے۔

دریائے راوی میں پانی کی سطح بلند 
بھارت کیجانب سے تقریباً 185,000 کیوسک پانی کا ریلہ اُجھ بیراج (دریائے راوی) سے چھوڑا جا چکا ہے،پچھلے سال بھارت نے 173,000 کیوسک پانی کا ریلہ چھوڑا تھا،چھوڑے گئے پانی کا تقریباً ایک تہائی یعنی 60,000 کیوسک جسر تک پہنچا تھا،جس کی وجہ سے (دریائے راوی پر گیجنگ پوائنٹ) پر پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا تھا،تقریباً 65,000 کیوسک اگلے 20-24 گھنٹوں کے اندر پہنچنے کی توقع ہے۔

جس کے باعث جسر کے مقام پر دریائے راوی میں کم نوعیت کی سیلابی کیفیت متوقع ہے،متعلقہ انتظامیہ 20 جولائی تک حساس علاقوں خاص طور پر دریائے چناب پر مرالہ ہیڈ ورکس اور دریائے راوی میں جسر کے مقام پر مانیٹرنگ جاری رکھے گی،عوام کو بارشوں کی پیشرفت اور تازہ ترین صورتحال سے مسلسل آگاہ رہیں.