بھارتی وزیر خارجہ کے تضحیک آمیزالفاظ ،شان شاہد نے معافی کا مطالبہ کردیا

May 08, 2023 | 19:24:PM
بھارتی وزیر خارجہ کے تضحیک آمیزالفاظ ،شان شاہد نے معافی کا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زین مدنی)اداکار شان شاہد نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے تحریری معافی نامے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر سینئر اداکار شان شاہد نے لکھا کہ "میں بحیثیت پاکستانی، حکومت پاکستان کے توسط سے بھارتی وزیر خارجہ کے بیان پر تحریری معافی نامے کا مطالبہ کرتا ہوں، اس وقت مزید سفارتی تعلقات نہیں، احترام باہمی ہونا چاہیے۔ پاکستان کو مضبوط بیانیے کے ساتھ جواب دینا چاہیے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ "یہ سیاست کی نہیں بلکہ پاکستان کی بات ہے، تمام تر سیاسی اختلافات سے قطع نظر ہمیں بحیثیت پاکستانی، بھارت پر پابندی کی تحریک کے حوالے سے متحد ہونے کی ضرورت ہے، ہمیں بھارت کی جانب سے معافی مانگنے تک پاکستان کا ساتھ دینا چاہیئے اور مزید کوئی بات نہیں کرنی چاہیئے"۔


دوسری جانب بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے اس اقدام کو ان کے اپنے ہی ملک میں شدید تنقید کانشانہ بنایا جارہا ہے اور کہا جارہا ہے کہ مہمان کو گھر بلا کر اس کی بے عزتی کرنا ان کی ثقافت نہیں۔

اس حوالے سے بالی ووڈ کے ہدایتکار رام سبرامنیا ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ "ایس جے شنکر نے پاکستان کے وزیر خاجہ بلاول بھٹو کو بھارت مدعو کیا اور پھر ان کی توہین کی,یہ ہماری ثقافت نہیں۔ اگر آپ اس طرح کا برتاؤ اختیار کرنا چاہتے ہیں تو انہیں دوبارہ مدعو نہ کریں جناب۔ آپ اپنی گندی سیاست سے ہماری روایت سے انحراف کر رہے ہیں"۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھارت کا دورہ کیا ،جہاں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے انہیں"دہشت گردی کی صنعت کو فروغ دینے والا، جواز فراہم کرنے والا ترجمان" قرار دیا "۔