پیپلز پارٹی کو دوسری دفعہ اعزاز ہے کہ آصف زرداری صدر بننے جا رہے ہیں، فیصل کریم کُنڈی 

Mar 07, 2024 | 15:15:PM
پیپلز پارٹی کو دوسری دفعہ اعزاز ہے کہ آصف زرداری صدر بننے جا رہے ہیں، فیصل کریم کُنڈی 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما فیصل کریم کُنڈی  نے کہا کہ پی پی کو یہ دوسری دفعہ اعزاز ہے کہ آصف علی زرداری صدر بننے جا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں ندیم افضل چن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آصف زرداری 400 سے زائد ووٹ لیں گے، وہ چارٹر آف اکانومی اور مفاہمت کے لیے کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صدارتی انتخابات کے لیے فرنٹ گراؤنڈ رابطے کررہے ہیں بیک گراؤنڈ نہیں، ایم کیو ایم سے بھی بات چل رہی ہے، ایم کیو ایم کی اپنی رابطہ کمیٹی تھی فیصلہ ان کا تھا، ایم کیو ایم ن لیگ کے اپنے معاملات ہیں، ہم سندھ میں اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ گورنرز 9 مارچ کے بعد طے ہوں گے، پنجاب اور کے پی کے گورنر پیپلز پارٹی جبکہ سندھ اور بلوچستان کے مسلم لیگ ن تعینات کرے گی۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی خوش قسمتی ہے کہ پیمرا نے ان کو بین نہیں کیا ہے، ان کے اچکزئی اور مولانا کے بارے میں کلپ سب کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج جمہوری حق ہے، پارلیمان میں احتجاج کریں اور قانون سازی کریں تاکہ تحفظات دور ہوسکیں، قانون سازی میں اپوزیشن حصہ نہیں لے گی تو پھر شورشرابے میں بل پاس ہوں گے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا ہے کہ کے پی کے وزیرِ اعلیٰ خود کو ٹائیگر فورس کا ہیڈ ہی سمجھتے ہیں، وزیرِ اعلیٰ کو پتہ ہونا چاہیے وفاق کی امداد کے بغیر کے پی نہیں چل سکتا، خیبرپختونخوا کو فنڈز چاہئیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑنا ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں:علی امین گنڈاپور کی سنی گئی

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کے پی کابینہ میں رشتے داروں کو ہی سب کچھ ملا ہے، خاندانی سیاست کے خلاف احتجاج صرف زبانی ہے ورنہ انہیں ہی وزارتیں ملی ہیں، سنی اتحاد کونسل نے تو جنرل نشستوں پر انتخاب ہی نہیں لڑا، پی ٹی آئی کے لوگوں کے تو آپس میں بیانات نہیں ملتے، سیاست میں رواداری اور اخلاقیات ہونی چاہئیں۔

بھٹو ریفرنس کے حوالت سے بات کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 44 سال بعد بانی پیپلز پارٹی کو انصاف دیا، انصاف کی تلاش کے لیے ہم بار بار عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹاتے رہے، بینچ کا متفقہ فیصلہ تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل نہیں دیا گیا، ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ ابھی آنا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ پنجاب کے عوام کی بہتری کا معاملہ اٹھایا تھا، پیپلز پارٹی نے 2 رکنی کمیٹی بنا دی ہے، ن لیگ بھی جلد بنا دے گی۔

ندیم افضل چن کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پاور شیئرنگ نہیں سیاسی مشاورت کا فارمولہ ہے، پنجاب میں اپنے ورکرز کا خیال رکھیں گے۔