تھرپارکر کا صحرا بھی ہولی کے خوبصورت رنگوں میں رنگ گیا

Mar 07, 2023 | 13:07:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جی آر جونیجو) تھرپارکر میں ہولی کا تہوار مذھبی رواداری اور امن کے پیغام طور پر منایا جاتا ہے جہاں ہندو اور مسلمان ملکر رنگوں کے اس تہوار سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

اسی سلسلے میں پورے ملک کی طرح تھرپارکر میں بھی بہار کی آمد اور ہندوؤں کا مذہبی تہوار ہولی جوش خروش سے منایا جا رہا ہے۔ ہولی کو مذہبی طور بھگت پرہلاد کی جیت کی خوشی طور پر منایا جاتا ہے، اس کے ساتھ اسے رنگوں کی بہار کا تہوار بھی مانا جاتا ہے جو بہار کی موسم کی آمد پر منایا جاتا ہے۔

تھرپارکر میں اس تہوار کو خاص اہمیت حاصل ہے جہاں ہندو مسلمان سب ملکر بہار رت کے اس تہوار کو مناتے ہیں، ہولی کی ریلی نکلتی ہے تو مسلمان بھائی بھی اس میں شامل ہوکر رنگوں سے کھیلتے نظر آتے ہیں۔

اس تہوار پر تھرپارکر دنیا بھر سے منفرد لگتا ہے جو نفرتوں کے اس سماج میں محبت امن اور بھائی چارے کو زندہ رکھ کر انسانیت کو فروغ دینے کا پیغام دیتا ہے۔

دوسری جانب وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے بھی ملک بھر میں موجود ہندو برادری کو ہولی کے تہوار کی مبارکباد دی، پاکستان پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا گیا کہ ’پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والی ہندو برادری کو اس رنگوں بھرے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہیں‘۔