برطانوی وزیراعظم کا پاکستان کو ریڈلسٹ سے نکالنے کا عندیہ

Aug 07, 2021 | 22:37:PM
برطانوی وزیراعظم کا پاکستان کو ریڈلسٹ سے نکالنے کا عندیہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے پاکستان کوکورونا سے متاثرہ ممالک کی ریڈلسٹ سے نکالنے کا اشارہ دیا ہے۔
بورس جانسن نے معروف برطانوی ملٹری اکیڈمی 'رائل ملٹری اکیڈمی سینڈھرسٹ' میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں پاکستانی ہائی کمشنرمعظم احمد خان اور دیگر سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اشارہ دیا۔
برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کےلئے اعداد وشمار کاجائزہ لے رہے ہیں۔بورس جانسن کے بیان سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ پاکستان چند ہفتوں میں ریڈ لسٹ سے باہر آجائے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد کی جانب سے ریڈ لسٹ میں پاکستان کا نام ہونے اور اس سے پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا معاملہ اٹھایا گیا جس کے بعد برطانوی وزیراعظم نے یہ بیان دیا ہے۔بورس جانسن نے یقین دلایا کہ برطانوی حکومت اعدادو شمار اور سائنسی بنیادوں پر معاملے کا جائزہ لے رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے جلد دورہ برطانیہ کے منتظر ہیں جس پر پاکستانی وفد نے بتایا کہ ان کا ملک بھی آپ کے دورے کا منتظر ہے ، بورس جانسن کا کہنا تھا کہ حکومت اس حوالے سے تمام امکانات پر غور کررہی ہے۔
خیال رہے کہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کو کورونا کی نئی ریڈلسٹ میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ کورونا سے بری طرح متاثر اور ڈیلٹا ویرینٹ کے گڑھ بھارت کا نام اس فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ ریڈ لسٹ میں نام ہونے کے باعث پاکستان سے برطانیہ جانے والوں کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا۔
 12 اگست سے ریڈلسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں سے قرنطینہ کی مد میں زائد رقم وصول کی جائےگی، ایک بالغ شخص کے قرنطینہ کے اخراجات 1750 سے بڑھ کر 2 ہزار 285 پاؤنڈ ہوجائیں گے جب کہ دوسرے بالغ شخص کے لیے 1430 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری