ہتک عزت کیس: شہباز گل فرد جرم کی کارروائی کیلئے 16 جنوری کو طلب

Jan 06, 2021 | 13:10:PM
ہتک عزت کیس: شہباز گل فرد جرم کی کارروائی کیلئے 16 جنوری کو طلب
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)سیشن کورٹ لاہور  میں وزیراعظم کے ترجمان شہباز گل کیخلاف ہتک عزت کے دعویٰ کی سماعت کی گئی، عدالت نے ڈاکٹر شہباز گل کو فرد جرم کی کارروائی کیلئے 16 جنوری کو طلب کر لیا ہے، عدالت نے آئندہ سماعت پر شہباز گل کیخلاف بطور ثبوت ویڈیو بھی فراہم کرنے کا حکم دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار علی نے پلیٹ فارم ٹورزم کمپنی کی جانب سے دائر کردہ ہتک عزت کےدعویٰ پر سماعت کی۔ درخواست گزار  نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انکی کمپنی البراک گروپ آف کمپنیز کا حصہ ہے، موقف البیراک کمپنی پاکستان، صومالیہ اور دیگر ممالک میں کنسٹرکشن، ویسٹ مینجمنٹ اور ٹرانسپورٹ کے کاروبار کر رہی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں 26 ستمبر 2020ء کو درخواست گزار کی کمپنی کیخلاف بیان بازی کی، انہوں نے ذاتی حیثیت میں پلیٹ فارم کمپنی پر بے بنیاد الزامات لگائے، درخواست گزار  پر6 برس قبل میٹرو بس پراجیکٹ پر 3 اعشاریہ 68 ڈالر فی کلومیٹر کے حساب سے ٹھیکہ لینے کا الزام لگایا گیا، شہباز گل نے 1 اعشاریہ 85 ڈالر فی کلو میٹر کے حساب سے سلمان شہباز کو دینے کا بھی الزام عائد کیا۔ 

 درخواست گزار کمپنی کے کرپشن میں ملوث ہونے کے الزامات جھوٹ اور بے بنیاد ہیں، شہباز گل نے درخواست گزار کی کمپنی پر ثبوتوں کے بغیر کرپشن کا الزام لگایا، شہباز گل کے ٹی وی پروگرام میں الزامات لگانے سے کمپنی کی ساکھ متاثر ہوئی اور ان کی جانب سے میڈیا اور سوشل میڈیا بیانات کے سبب کمپنی کو ملین ڈالرز کا نقصان ہوا۔ درخواست گزار  نے استدعا کی کہ شہباز گل کیخلاف ہتک عزت کی کارروائی کی جائے اور  کمپنی پر بے بنیاد الزامات لگانے پر شہباز گل کو بھاری جرمانہ اور سزا سنائی جائے۔