استعفے  دینے  ہیں تو دیں، کس نے روکا،شاہ محمود

Dec 06, 2020 | 15:39:PM
استعفے  دینے  ہیں تو دیں، کس نے روکا،شاہ محمود
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے اپوزیشن نےاستعفے  دینے  ہیں تو دیں، کس نے روکا ہے،حکومت اپوزیشن کی سرگرمی کو زبردستی نہیں روکے گی، ہم قومی معاملات پر انکے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

تفصیلات کےمطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ ہے، اپوزیشن دوہرے معیارسے پرہیز کرے۔ اس میں آپ کا اور ملک کا فائدہ ہے، ہم نے سیاسی انداز سے آگے بڑھنا ہے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں۔ ملکی مفادات کے ساتھ این آر او کو نہ جوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی اپنے الزامات کو ثابت کریں، شاہ محمود قریشی نے  ملتان میں پی ڈی ایم کے  جلسے کو ناکام قرر دیتے ہوئے کہا اسے تقریب کا نام دیا جائے تو زیادہ مناسب ہوگا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی نے نامناسب اور حقائق کے برعکس بات کی۔ سامنے آکر بتائیں میں نے پکڑ دھکڑ یا کسی کی تضحیک کی ہو، لوگ سیاسی ضرورت کے تحت بیان بازی کرتے ہیں۔ کوئی الزامات لگانا چاہتا ہے تو میں روک نہیں سکتا۔

وزیر خارجہ نے مزید  کہا جلسے ہوتے رہے ہیں اور ہوتے رہیں گے۔ سیاسی عمل کو کوئی محدود نہیں کرسکتا۔ ہمارا موقف ہے یہ عمل انسانی جانوں سے کھیلنے کے متراد ف تھا۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں کورونا مریض بڑھ گئے ہیں۔ یہ صورتحال ہماری غفلت کے باعث پیش آئی۔ہم اپنے اہلخانہ ،دوست اور عزیز واقارب کو بھی متاثر کررہے ہیں،  لوگ ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے۔ کورونا کے باعث صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے، ہر شخص سے گزارش ہے اپنے اوپر احسان کریں۔