پہلے پاکستان افغان پناہ گزینوں کو داخلے کی اجازت دے۔۔طالبان نے سرحد بند کر دی

Aug 06, 2021 | 21:17:PM
پہلے پاکستان افغان پناہ گزینوں کو داخلے کی اجازت دے۔۔طالبان نے سرحد بند کر دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

  (24نیوز)افغانستان میں طالبان نے پاکستان، افغانستان کی سرحد کو سپین بولدک کے مقام پر ہر قسم کی نقل و حرکت کے لئے بند کر دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے افغان طالبان کے قندھار کے کمشنر حاجی وفا کی جانب سے ایک پمفلٹ جاری کیا گیا ہے جس میں سرحد کی بندش کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس پمفلٹ میں کہا گیا ہے کہ جمعے کے روز سے سپین بولدک میں ویش کے مقام پر سرحد پاکستان اور افغانستان آنے جانے والے تمام افراد کے لئے بند کی جاتی ہے۔طالبان کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ جب تک پاکستان ایسے افغان پناہ گزینوں کو آنے جانے کی اجازت نہیں دیتا جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات موجود ہیں، تب تک یہ سرحد بند رہے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صبح سے شام تک بڑی تعداد میں افغان پناہ گزین سرحد پر اس انتظار میں رہتے ہیں کہ کب پاکستان کی جانب جانے والا راستہ کھولا جاتا ہے تاکہ وہ پاکستان جا سکیں۔افغان طالبان نے اپنے بیان میں کہا کہ سپین بولدک میں ویش کے مقام پر سرحد آمد و رفت کے علاوہ تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں اور تجاری سامان کےلئے بھی بند رہے گی۔
 افغان طالبان کے افغانستان میں ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سرحد بندش کی تصدیق کرتے ہوے کہاکہ یہ سرحد بند ہے اور اس کے لئے انہوں نے کوشش کی کہ پاکستان کی جانب سے سرحد کھول دی جائے کیونکہ پاکستان کی جانب سے صرف تین گھنٹوں کے لئے سرحد کھولی جاتی ہے اور اس کے لئے بڑی تعداد میں لوگ انتظار کرتے رہتے ہیں جن میں خواتین، بزرگ اور بچے شامل ہوتے ہیں اور اکثر علاج کی غرض سے پاکستان جانا چاہتے ہیں ۔ اکثر لوگوں کو واپس کر دیا جاتا ہے کہ کارڈ صحیح نہیں ہے اور کاغذات مکمل نہیں ہیں۔ اسلئے مجبوراً سرحد بند کر دی گئی ہے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
 بیان میں کہا گیا ہے کہ جب بھی پاکستان کی جانب سے سرحد مکمل طور پر کھول دی جائے گی تو اس کے بعد افغان طالبان کے کمشنر کی جانب سے سرحد کھولنے کا اعلان کیا جائے گا۔
 ادھرکورونا ایس اوپیز کے تحت پاک افغان سرحد ایک بار پھر بند کردیا گیا جس کے بعد پیدل آمدورفت اورتجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں۔ سرحد کی بندش کے باعث سینکڑوں افراد پھنس کررہ گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحد دوبارہ کھولنے کے حوالے سے افغان طالبان حکام سے مذاکرات کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے سرحد کورونا ایس اوپیزکے تحت بند کرنے کے بعد محدود پیمانے پر آمد ورفت کی اجازت دی جارہی ہے تاہم افغان طالبان سرحد مکمل طور پرکھولنے کا مطالبہ کررہے ہیں ایسا نا ممکن ہے۔
 یہ بھی پڑھیں۔برہنہ فوٹو شوٹ۔۔ناممکن ۔۔نرگس فخری نے اہم انکشاف کر دیا