خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پرسماعت ملتوی،فریقین کو نوٹس

جناح ہاؤس کیس، اسد عمر، علیمہ اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

Oct 04, 2023 | 12:52:PM

(24نیوز)لاہور ہائیکورٹ نے9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پرسماعت 10اکتوبرتک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی،خدیجہ شاہ نے اپنے وکیل سمیرا کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانتیں دائر کی،ملزمہ نے تھانہ گلبرگ اور سرور روڑ میں درج مقدمے میں ضمانتیں بعدازگرفتاری دائر کی۔

درخواست میں موقف اپنا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ضمانتیں خارج کی،عدالت ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے،عدالت ضمانتیں کو منظور کرنے کا حکم دے۔

 بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

دوسری جانب  انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیرا کیس میں اسد عمر، علیمہ اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی،لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اسد عمر، علیمہ اور عظمیٰ خان عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان جناح ہاؤس حملہ کیس میں قصوروار پائے گئے ہیں اور جے آئی ٹی نے تینوں ملزمان کو گناہ گار لکھا ہے، تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمارے پاس کچھ ایسے گواہ اور ان کے بیانات ہیں جن سے تینوں کی جائے وقوعہ پر موجودگی پائی گئی ہے اس لیے تینوں کی گرفتاری مطلوب ہے۔

ملزمان کے وکیل نے تفتیشی افسر کے بیان پر کہا کہ بیان ہمیں بھی دکھائے جائیں اس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ ہم بیان دکھانے کو تیار ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے پولیس کی جانب سے اسد عمر، علیمہ اور عظمیٰ خان کی گرفتاری  کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تینوں کی عبوری ضمانت میں 16 اکتوبر تک توسیع کردی۔

عدالت نے کیس مزید سماعت بھی 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


 

مزیدخبریں