وزیراعظم خود استعفیٰ دے دیں ، بلاول بھٹو کا مطالبہ 

Mar 04, 2022 | 22:11:PM
بلاول بھٹو زرداری، وزیراعظم، استعفیٰ کا مطالبہ
کیپشن: بلاول بھٹو زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ وزیراعظم اسمبلی توڑ کر الیکشن میں آئیں، ہم سے مقابلہ کریں پتہ چل جائے گا ، عوام کس کے ساتھ ہیں ۔
چیچہ وطنی میں عوامی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ بے نظیر بھٹوشہید نے چیچہ وطنی کو گیس فراہم کی تھی، پیپلزپارٹی چیچہ وطنی کی 3 نسلوں کیساتھ ہے، ہم نے اس ملک کی خدمت کی ہے ، ہم نے اس ملک کو اسلامی جمہوریہ پاکستان بنایا ہے ۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ نئے پاکستان میں ہر چیز مہنگی عوام کا خون سستا ہو گیا ہے،ہمارے شہریوں کو دہشتگردی کانشانہ بنایا جارہا ہے،آج پشاور میں دھماکا ہوا، کل بلوچستان میں دھماکا ہوا تھا،پیپلزپارٹی جب حکومت میں آئے گی تو دہشتگردوں کا مقابلہ کرے گی ، ہم ایسی حکومت بنائیں گے جو عوام کا تحفظ یقینی بنائے گی ۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ اس حکومت نے ناکام ترین طریقے سے معیشت چلائی ،آئی ایم ایف سے بدترین ڈیل کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں ،حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی اور غربت تاریخی سطح پر ہے ، یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے، یہ نیا پاکستان کا اصل چہرہ ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہاکہ حکومت نے عوام کو لاوارث چھوڑ دیا ہم اس سے حساب لیں گے،ہمارا یہ سفر اور جدوجہد عوام کے حقوق کی جدوجہد ہے ، ہم عوام کے حق حاکمیت کیلئے جدوجہد کررہے ہیں ،ہمارا وزیراعظم سے مطالبہ ہے کہ خود استعفیٰ دے دیں ، وزیراعظم اسمبلی توڑ کر الیکشن میں آئیں ، ہم سے مقابلہ کریں پتہ چل جائے گا ، عوام کس کے ساتھ ہیں ۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے بعد متحدہ عرب امارات کی معیشت کو بھی دھچکالگ گیا