شہباز شریف کی کارکردگی، عوام سہم گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف کی کارکردگی سے عوام سہم گئے ہیں۔
حکومت نے مشکل فیصلوں کا کہہ کر ملک کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امپورٹڈ حکومت ہے۔ جس نے آتے ہی عوام پر آسانی اور سہولت کے تمام دروازے بند کردیے ہیں۔
انہوں نے شہباز شریف کو کرائم منسٹر کہتے ہوئے مخاطب کیا اور کہا کہ اس حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے ہیں اور اسے کچھ سمجھ نہیں آرہی ہے۔ انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوام بھی اس کرپٹ اور نااہل ٹولے کو مسترد کرچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی سنگین غلطی، ن لیگ کے بیانیے کی تائید کردی
یہ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے اور اسی وجہ سے ہر وقت عمران خان کی گردان کرتی ہے۔ لیکن اس سے آپ کے جرائم چھپ نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت پر عالمی برادری کو اعتماد تھا لیکن شہباز شریف اب تک 5 سرکاری دورے کرچکے ہیں لیکن کسی نے گھاس تک نہیں ڈالی۔
اس حکومت کے پاس نوجوانوں کے روزگار کا کوئی منصوبہ نہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ سے روزگار کے مسائل حل نہیں ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان قومی خزانے میں 22 ارب ڈالر چھوڑ کر گئے۔ لیکن اس امپورٹڈ حکومت نے خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ یہ کہتے تھے خزانہ خالی ہے لیکن اخبارات کو کروڑوں کے اشتہارات دیے جارہے ہیں۔