عادل راجہ کے الزامات: شوبز شخصیات ساتھی اداکاراؤں کی حمایت میں سامنے آگئیں

زین مدنی حسینی (سئنیر شوبز رپورٹر)

Jan 04, 2023 | 15:04:PM
یوٹیوبر عادل راجا کی جانب سے اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات بھی ساتھی اداکاراؤں کی حمایت میں آگئیں۔ انہوں نے فنکاروں کے خلاف مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی
کیپشن: شوبز شخصیات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

یوٹیوبر عادل راجا کی جانب سے اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات بھی ساتھی اداکاراؤں کی حمایت میں آگئیں۔ انہوں نے فنکاروں کے خلاف مہم کی شدید الفاظ میں مذمت کر دی۔

 عادل راجا نے اپنی ویڈیو میں کہا تھا کہ انہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی ٹاپ ماڈلز و اداکاراؤں کو سابق اعلیٰ فوجی افسران اور سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اداکاراؤں کو جب سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا تھا تو اس وقت ان کی نامناسب ویڈیوز بھی بنائی جاتی تھیں۔

انہوں نے کسی اداکارہ یا ماڈل کا واضح نام لیے بغیر ان کے ناموں کے ابتدائی انگریزی حروف بتائے تھے۔ انہوں نے بتایا تھا کہ چار ٹاپ ماڈلز و اداکاراؤں میں ایک ’ایم کے‘ (MK)، دوسری ’کے کے‘ (KK)، تیسری ’ایم ایچ‘ (MH) اور چوتھی ’ایس اے‘ (SA) ہیں۔ اداکاراؤں سے متعلق بات کرتے وقت عادل راجا کچھ پریشان ہوگئے تھے اور ان کی زبان بھی ان کا ساتھ نہیں دے رہی تھی۔

عادل راجا کی جانب سے اداکاراؤں پر الزامات لگانے کے بعد اداکارہ کبریٰ خان، سجل علی اور مہوش حیات نے انہیں کرارا جواب دیا تھا جب کہ کبریٰ خان نے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان بھی کیا تھا

سجل علی، مہوش حیات اور کبریٰ خان کی جانب سے عادل راجا کو جواب دیئے جانے کے بعد دیگر شوبز شخصیات بھی ان کی حمایت میں آگئیں، انہوں نے اداکاراؤں کے خلاف مہم کی شدید مذمت کی۔

اداکارہ انوشے اشرف نے اپنی لمبی چوڑی انسٹا گرام پوسٹ میں عادل راجا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور اداکاراؤں کی کردارکشی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے لکھا کہ چونکہ اداکارائیں مشہور ہوتی ہیں، ان کا نام لینے سے ہی ہیڈ لائنز بنتی ہیں اور دوسروں کو شہرت بھی ملتی ہے، اس لیے ہر کوئی اداکاراؤں کو آسان ہدف سمجھ کر ان کی کردارکشی کرتا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہمارے سماج میں جس بندے نے اسکول نہیں پڑھا ہوتا اور نہ کسی چیز کا کوئی علم تک ہوتا ہے، وہ بھی خواتین کے لباس اور کام پر رائے دیتا ہے۔ پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے ان پانچ فیصد مرد حضرات کا شکریہ بھی ادا کیا جو خواتین کی حمایت اور ان کا ساتھ دیتے ہیں، انہوں نے ایسے مرد حضرات کو ہی سچا مرد قرار دیا۔

 ان کی طرح اداکارہ زارا نور عباس نے بھی اداکاراؤں پر الزامات لگانے کی مہم کی مذمت کی اور لکھا کہ اظہار کی آزادی کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کوئی بھی کبھی بھی اٹھ کر کسی خاتون پر الزام لگا دے۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ اداکارہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ کسی کے الزامات پر بھی خاموش رہیں گی اور سابق فوجی افسر ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ ہر کسی کو بدنام کرتے پھریں گے۔ انہوں نے لکھا کہ خواتین یا مرد حضرات پر شواہد کے بغیر الزامات لگانے والے افراد کا احتساب ہونا چاہئیے۔

اداکارہ منشا پاشا نے بھی کسی کا نام لئے بغیر لکھا کہ خواتین اگرچہ طاقتور اور مضبوط ہوتی ہیں تو بھی ان پر ایک عام آدمی الزامات لگا سکتا ہے اور انہیں بدنام کرتا ہے۔

 اداکارہ میرا سیٹھی نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں اداکاراؤں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی بہادری کو سراہا اور لکھا کہ الزامات پر آواز بلند کرنے والی اداکارائیں بہادر ہیں۔

اداکار منیب بٹ نے بھی انسٹاگرام اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عادل راجا کے الزامات کو 1990 کی گندی سیاست کا تسلسل قرار دیا۔