ہماری حکومت ہوتی تو مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی جرات نہ کرتے۔ آصف زرداری 

Feb 04, 2022 | 21:59:PM
کشمیر۔جدوجہد۔بھارت۔عالمی برادر۔قائد عوام۔پیپلزپارٹی
کیپشن: آصف علی زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے مقبوضہ کشمیر کی بھارت کے تسلط سے آزادی کیلئے کشمیری عوام کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی جدوجہد پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کا حصہ ہے۔

یوم یکجہتی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر کشمیر کی آزادی کے آواز بلند کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے عالمی سطح پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے رائے عامہ تیار کرتی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے ضروری ہے کہ کشمیری عوام کو رائے شماری کا حق دیا جائے۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت ہوتی تو مودی مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کی جرات نہ کرتے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر پر مودی کی جارحیت پر حکومت پاکستان نے نہ صرف قومی یکجہتی کو سبوتاژ کیا بلکہ سفارتی سطح پر بھی موثر آواز نہیں اٹھائی۔ سابق صدر نے کہا کہ ہمارا تعلق اور رشتہ کشمیر کے عوام سے ہے جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ پاکستان پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے عالمی برادری کی حمایت حاصل کریگی۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی اور بزدلانہ خاموشی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام جبر اور تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کا خواب تھا اس خواب کی تعبیر کے لئے محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے عالمی سطح پر جدوجہد کی تھی۔ پاکستان پیپلزپارٹی قائد عوام شہید کے خواب کی تعبیر کرے گی وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام کے فتح مند قدموں کی آواز قائد عوام شہید اپنے ابدی آرام گاہ میں سنیں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔ قومی بچت اسکیموں کے منافع میں رد و بدل