(جمال الدین جمالی) 9 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی جانب سے لاہور میں موجود جناح ہاؤس پر حملے اور توڑ پھوڑ کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو عدالت سے بڑا ریلیف مل گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو جسمانی ریمانڈ کیلئے انسداد دھشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا ، پولیس کی درخواست پر ڈاکٹر یاسمین راشد کو جیل سے طلب کیا گیا، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو جناح ہاؤس حملہ کیس سے ڈسچارج کر دیا، عدالتی حکم پر تھانہ سرور روڑ کے مقدمہ نمبر 96/23 میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا نام نکال دیا گیا ۔
عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے درخواست دی تھی کہ یاسمین راشد سے موبائل برآمد کرنا ہے اور فوٹوگرامیٹک ٹسٹ کروانا ہے ، ڈاکٹر یاسمین راشد اس مقدمہ میں نامزد نہیں ، شریک ملزم کے بیان کی بنیاد پر بلایا گیا ، کوئی ایسا ٹھوس ثبوت نہیں پیش کیا گیا جس سے ثابت ہوکہ وہ اس جرم میں ملوث ہیں ، ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جاتا ہے،اگروہ کسی دوسرے مقدمہ میں مطلوب نہ ہو تو رہا کر دیا جائے ۔