اسلام آبادہائیکورٹ ججز کیلئے طارق جہانگیری اور بابر ستار کے ناموں کی سفارش

Dec 03, 2020 | 22:30:PM
اسلام آبادہائیکورٹ ججز کیلئے طارق جہانگیری اور بابر ستار کے ناموں کی سفارش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دو ایڈیشنل ججز بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کی تعیناتی کی سفارش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں بابر ستار اور طارق محمود جہانگیری کو بطور ایڈیشنل جج اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کو اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کےلئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کو اگر کسی کے نام پر اعتراض ہے تو وہ تحریری طور پر جوڈیشل کمیشن کو اس بارے میں آگاہ کریں گے اور اس کے بعد ان اعتراضات پر جوڈیشل کمیشن کا پارلیمانی کمیٹی کو مطمئن کرنا ضروری ہے۔
اگر پارلیمانی کمیٹی 14 روز تک کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچتی تو جوڈیشل کمیشن کا فیصلہ حتمی تصور کیا جائے گا۔ ابھی تک جوڈیشل کمیشن کی طرف سے اعلیٰ عدلیہ میں تعیناتی کے حوالے سے جتنی بھی سفارشات کی گئی ہیں ان کو تسلیم کیا گیا ہے۔
تعیناتی کی منظوری کی صورت میں ان دونوں افراد کو ایک سال کی مدت کےلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل جج تعینات کیا جائے گااور اس عرصے کے بعد ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انھیں مستقل جج تعینات کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد سات ہے جن میں سے چار مستقل اور تین ایڈیشنل ججز ہیں، ان دونوں ججز کی تعیناتی کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد نو ہو جائے گی۔