عمران نیازی کو گھر بھیجنے کاوقت آگیا،احسن اقبال

Dec 03, 2020 | 19:10:PM
عمران نیازی کو گھر بھیجنے کاوقت آگیا،احسن اقبال
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ حکومت کےخلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا،اب وقت آگیا ہے کہ عمران نیازی حکومت کو گھر بھیجا جائے،اب ہمیں نااہل نالائق عمران نیازی منظور نہیں۔
تفصیلات کے مطابق لیگی رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نواز شریف لندن عدالت کے فیصلے روشنی میں علاج کرا رہے ہیں، حکومت اگر مفرور قرار دیتی ہے تو پہلے جنرل مشرف کو واپس لا کر دکھائے، اگر مشرف کو واپس نہیں لا سکتے تو حکومت کو کوئی حق نہیں ہے نواز شریف کو مفرور قرار دے۔
ان کاکہناتھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک علاج کےلئے اسی حکومت نے بھیجا ہے، عدالت اورحکومت نے بیرون ملک ڈاکٹروں کی رپورٹ پرجانے کی اجازت دی ہے، نوازشریف کے ڈاکٹر فٹنس سرٹیفکیٹ دیں گے تب واپس آئیں گے۔
انہوں نے کہاکہ لاہور میں پی ڈی ایم کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا،پی ٹی آئی حکومت مہنگائی، بروز گاری اور تباہی مسلط کرنے کا ذریعہ بنی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ عمران نیازی حکومت کو گھر بھیجا جائے،سوا 2 سال سے عوام کا صبر لبریز ہوچکا ہے، پی ڈی ایم کی تحریک پاکستان کو واپس حاصل کرے گی، نئے انتخابات میں مسلم لیگ کامیاب ہوگی اور دوبارہ ترقی کا سفر شروع کرے گی،پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے کیلئے   گرفتاریاں، ظلم کے ہتھکنڈے لاہور کے جلسے کوروک نہیں سکتے،لاہور کا جلسہ ایک ریکارڈ جلسہ ہوگا جو پاکستان کی عوام کی آواز بنے گا ۔
لیگی رہنما نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت پاکستان کو ترقی کی طرف لیکر جارہی تھی اسے دھاندلی کے ذریعے ختم کیا گیا، یہ حکومت جس دن سے برسراقتدار آئی ہے ترقی کے تمام منصوبوں کو رول بیک کر رہی ہے،آج پنجاب میں سڑکوں کا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے،پی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سالوں میں سڑکوں کی مرمت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ اب نئی آنے والی حکومت کو اربوں روپے لگا کر یہ سڑکیں دوبارہ بنانی پڑیں گی،نارووال پنجاب کا پورا انفراسٹرکچر خواہ وہ سڑکیں ہے نہرے ہے ہسپتال ہے سب تباہ ہوچکے ہے،پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب کو ایک یتیم صوبہ بنا دیا ہے۔لیگی رہنما نے کہاکہ عمران نیازی نے پنجاب پر ایسی حکومت مسلط کی ہے جسے وہ وسیم اکرم پلس کہتا تھا وہ نااہل اور نالائق نکلی ہے، نااہل نالائقوں کی حکومت پاکستان کو اجاڑ رہی ہے۔