ہمارے نمبر پورے۔۔سینٹ الیکشن جیت جائیں گے،فواد چودھری کا دعویٰ

Mar 02, 2021 | 22:00:PM
   ہمارے نمبر پورے۔۔سینٹ الیکشن جیت جائیں گے،فواد چودھری کا دعویٰ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز )وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے دعویٰ کیا ہے کہ سینٹ انتخابات کیلئے نمبر پورے ہیں ،اسلام آ باد سے ہمارے دونوں امیدوار سینٹ الیکشن جیت جائیں گے۔ہمارے پاس 181 کے لگ بھگ نمبرز ہیں اور آج 181 میں سے 176 لوگوں نے ظہرانے میں شرکت کی لیکن امید ہے کل تک مزید بڑھ جائیں گے۔
 منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھاکہ عمران خان 2013 سے سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کرانے کی بات کررہے ہیں، ہم جو قانون لے کر آئے یہ وہی ہے جو ن لیگ 2015 میں لے کر آئی تھی اور جب ن لیگ یہ قانون لے کر آئی تھی تو عمران خان نے کہا تھا یہ قانون ٹھیک ہے ہونا چاہئے لیکن اب تحریک انصاف اوپن بیلٹ کیلئے قانون لے کر آئی تو ن لیگ نے مخالف کی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ آرٹیکل 226 میں ترمیم کے بغیر یہ نہیں ہوسکتا، سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہاکہ خفیہ رائے دہی حتمی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ٹیکنالوجی سے متعلق الیکشن کمیشن کو اپنی پوری معاونت پیش کی، الیکشن کمیشن نے ہماری گزارشات کو غور سے سنا، آ ج صبح الیکشن کمیشن نے کہا کہ اتفاق کرتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہ کہا کہ وقت نہیں ہے، ہمارے خیال میں سینٹ الیکشن میں اصلاحات کےلئے وقت نہ ہونے کا الیکشن کمیشن کا مو¿قف کمزور ہے۔
 اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فوادچوہدری کا کہنا تھاکہ اپوزیشن نے جو سیاسی چورن بیچنے کی کوشش کی وہ مکمل طور پر ناکام ہے، ان کی حکمت عملی ناکام ہوگئی ہے اور آج اپوزیشن کے دوبارہ بیانات لانگ مارچ کی طرف چلے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مریم جلسوں اور بلاول ایوان میں ناکام ہوگئے، ان نابالغ سیاستدانوں پر ملک کی سیاست نہیں چھوڑی جاسکتی جبکہ مولانا فضل الرحمان کا وہ قد نہیں ہے۔