2 کروڑ سے زائد نوجوان پہلی بار حق رائے دہی استعمال کرینگے، کیاوہ ووٹ کاسٹ کرنا جانتے ہیں؟

Feb 02, 2024 | 15:41:PM
 2 کروڑ سے زائد نوجوان پہلی بار حق رائے دہی استعمال کرینگے، کیاوہ ووٹ کاسٹ کرنا جانتے ہیں؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(حسنین محی الدین) عام انتخابات 2024 میں صرف چند دن باقی ہیں ، اس بار 2 کروڑ سے زائد نوجوان پہلی بار حق رائے دہی استعمال کریں گے ، نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد  کا ووٹ کسی بھی جماعت کو اقتدار کی کرسی پر بٹھانے کیلئے کافی ہے ، لیکن سوال یہ ہےکہ کیا یہ نوجوان ووٹ کاسٹ کرنے کا صحیح   طریقہ جانتے ہیں ؟،چلیں ہم ہی آپ کو اس اہم فرض سے  روشناس کرواتے ہیں۔

ضروری ہدایات

ووٹ ڈالنے جانے سے پہلے چند ضروری ہدایات پر عمل درآمد ضرور کریں، اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لے کر جائیں ، زائد المعیاد قومی شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہوگا، ووٹ کی رازداری کا ہر حال میں خیال رکھیں، پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون اور کیمرہ لانے کی اجازت نہیں ہے،ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور شام 6 بجے ختم ہوجائے گا۔ پولنگ کے مقررہ وقت کے اختتام کے بعد بھی پولنگ اسٹیشن کی حدود میں موجود ووٹرز اپنا ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

ووٹ تفصیلات کیسے معلوم کریں ؟

اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی کارڈ نمبر الیکشن کمیشن کی جانب سے دی گئی ہیلپ لائن سروس 8300 پر میسج کریں ، جس کے بعد آپ کو موصول ہونے والے میسج  میں درج ذیل چیزیں  شامل ہوں گی۔

شماریاتی بلاک کوڈ

سلسلہ نمبر 

قومی اسمبلی حلقہ نمبر 

پولنگ سٹیشن  نام 

اس انفارمیشن کو اپنے پاس محفوظ رکھیں اور ایک پرچی کی صورت میں لکھ کر ساتھ لے لیں اس صورت میں آپ کو اپنا ووٹ ڈالنے میں آسانی ہو گی ۔

ووٹ ڈالنے کا صحیح طریقہ

پہلا مرحلہ

سب سے پہلے جب آپ ووٹ ڈالنے جائیں گے تو پہلے مرحلے میں پولنگ افسر اصل قومی شناختی کارڈ اور انتخابی فہرست میں درج تفصیلات چیک کرے گا،  آپ کا نام اور سلسلہ نمبر بلند آواز سے پولنگ ایجنٹس کو پکارا جائے گا اور انتخابی فہرست سے نام کاٹ دیا جائے گا، اس کے بعد انگوٹھے کا نشان لیا جائے گا اور انگوٹھے پر انمٹ سیاہی کا نشان لگا دیا جائے گا۔

دوسرا مرحلہ

دوسرے مرحلے میں اسسٹنٹ پریزائڈنگ افسران بیلٹ پیپرز کی پشت پر دستخط اور مہر ثبت کرنے کے بعد قومی اسمبلی کے لیے سبز رنگ اور صوبائی اسمبلی کے لیے سفید رنگ کا بیلٹ پیپر جاری کرے گا۔ اس کے بعد ووٹنگ اسکرین کے پیچھے جائیں اور اپنے بیلٹ پیپرز پر اپنی پسند کے کسی ایک امیدوار کے انتخابی نشان پر درست طریقے سے مہر لگائیں، سبز رنگ کا بیلٹ پیپر سبز ڈھکن والے بیلٹ باکس اور سفید رنگ کا بیلٹ پیپر سفید ڈھکن والے بیلٹ باکس میں ڈال دیں۔

الیکشن دن کیلئے  احتیاطی تدابیر

پر اُمن انتخابات  کے حوالے سے  الیکشن کمیشن کی جانب سے  ملک بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے ، جس کے تحت گروپ کی صورت میں اکٹھا ہونا، اسلحہ کی نمائش کرنا جرم قرار دیا گیا ہے ، اس لیے کسی قسم کے نا خوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے محتاط رہیں خبردار رہیں۔

سرکاری ملازمین کیلئے ہدایت نامہ 

الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق  صرف الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں پر ہی لاگو نہیں ہوتے بلکہ سرکاری ملازمین پر بھی کچھ قوانین لاگو کیے گئے ہیں، جیسے کہ سرکاری ملازمین کسی بھی پارٹی یا امیدوار کی تشہیر نہیں کر سکتا ، نہ ہی کسی سیاسی تقریب میں شرکت کر سکتا ہے ، ایسا کرنے کی صورت میں اسے نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے ۔