(24 نیوز )برطانوی بادشاہ چارلس کی جانب سے پشاور پولیس لائن مسجد میں ہونے والے دھماکے پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے اظہار افسوس کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی رائل فیملی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر پر بھی پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں بادشاہ چارلس کا کہنا ہے کہ ناقابل فہم سفاکیت کی کارروائیاں، جہاں کہیں بھی ہوں ہماری مشترکہ انسانیت پر وحشیانہ حملہ ہے، جس کی ہم انتہائی مذمت کرتے ہیں۔
’’دی کنگ اینڈ کوئین کنسورٹ ‘‘ میں بادشاہ چارلس کی جانب سے صدر پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’میں اور میری اہلیہ پیر کو پشاور میں ہونے والے خوفناک بم حملے سے شدید صدمے میں تھے، ناقابل فہم سفاکیت کی ایسی کارروائیاں، جہاں کہیں بھی ہوتی ہیں، ہماری مشترکہ انسانیت اور ہماری افہام و تفہیم اور ہمدردی کی اقدار پر وحشیانہ حملہ ہے‘‘۔
جاری کردہ بیان میں بادشاہ چارلس کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب سے زیادہ خوفناک ہے کہ متاثرین عصر کی نماز کے وقت عبادت گاہ میں تھے، ہم ان تمام لوگوں کے لیے انتہائی دل کی گہرائیوں سے دکھ محسوس کرتے ہیں جو اتنے ظالمانہ طور پر سوگوار اور زخمی ہوئے ہیں۔ ہم 2006 میں اپنے پاکستان کے دورے کو سب سے زیادہ شوق کے ساتھ یاد کرتے ہیں اور ہم پاکستانی عوام کو اپنے خصوصی خیالات اور دعاؤں میں رکھیں گے جب آپ اپنے کھوئے ہوئے لوگوں کے غم میں شریک ہوں گے۔