شوکت ترین کی کالز، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا: شاہد خاقان عباسی

Sep 01, 2022 | 15:10:PM
 شوکت ترین, کالز،عمران خان, جواب, شاہد خاقان عباسی,مسلم لیگ ن,سابق وزیر اعظم
کیپشن: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)مسلم لیگ ن  کے رہنما وسابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ واضح ثبوت ہیں کہ شوکت ترین نے عمران خان کی مشاورت سے پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے خزانہ کو کالز کیں، جب ملک ڈوب رہا تھا یہ پاکستان کیخلاف سازش کر رہے تھے،شوکت ترین نے خط میں کہا کہ ریاست کی پرواہ مت کریں۔

تفصیلات کے مطابق  سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نےاسلام آباد میں  پریس کانفرنس میں عمران خان اور شوکت ترین پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شوکت ترین نے صوبوں کے وزرائے خزانہ سے کہا تھا کہ وفاق کو خط لکھیں اور اپنی کمٹمنٹس سے پیچھے ہٹیں، کیا عوام کمر میں چھرا گھونپنے والوں پر اعتماد کریں گے، 29 اگست کو آئی ایم ایف کی آخری بورڈ میٹنگ تھی، یہ خط اس وقت لکھنے کو کہا جب آئی ایم ایف کی آخری میٹنگ صرف 3 دن دور تھی، ساری گفتگو کا ایک مقصد تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف کی منظوری حاصل نہ کر سکے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ شوکت ترین نے خط میں کہا کہ ریاست کی پرواہ مت کریں، شوکت ترین نے کہا کہ ہمارے چیئر مین پر پرچے ہو رہے ہیں، ہم نے اپنی سیاست، اپنی جان بچانی ہے، وزیرخزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ساری خبریں پہنچا دوں گا، دو بڑے صوبوں کے وزیرخزانہ حساس ترین عہدوں پر ہیں، یہ سازش کے تحت پاکستان کی معیشت تباہ کرنا چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا کے وزیرخزانہ نے تو خط بھی پہنچا دیا، یہ ایک منظم سازش ہے جس کا ریکارڈ موجود ہے، ان لوگوں کو وضاحت دینی پڑے گی، آج نہیں تو کل، عمران خان کو جواب دینا پڑے گا کہ جب ملک ڈوب رہا تھا تم سازش کر رہے تھے۔

شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کی حالیہ صورتحال سے متعلق کہا کہ ضرورت تو اس بات کی تھی کہ سب اکٹھے ہوں اور سیلاب کا مقابلہ کریں، عمران خان کی سوچ صرف اپنی سیاست بچانے کی ہے، عمران خان نے ایک چلتی ہوئی معیشت کو تباہ کیا، معیشت کی اس تباہ کاری کو ختم کرنے میں کئی سال لگیں گے، عمران خان کی سوچ عوام دشمن، ملک دشمن تھی۔

انہوں نے کہا کہ کیا یہ سوچ لیڈر کی ہونی چاہے جو عمران خان کی ہے، سیاست کرنے کا بہت وقت پڑا ہے، آج بات ملک کی ہونی چاہیے، آپ ملک کیلئے بات نہیں کرسکتے تو ملک کے خلاف سازش تو نہ کریں، عمران خان، شوکت ترین، پنجاب اور کے پی کے وزرائے خزانہ کو جواب دینا پڑے گا۔