غزہ میں ٹیلی فون،انٹرنیٹ مکمل بند، شہدا کی تعداد 8500 سے تجاوز کرگئی

اسرائیلی فورسز کی پناہ گزین کیمپ پر بمباری، مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید

Nov 01, 2023 | 09:30:AM
 غزہ میں ٹیلی فون،انٹرنیٹ مکمل بند، شہدا کی تعداد 8500 سے تجاوز کرگئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) اسرائیلی فورسز کی جانب سے غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر فضائی حملے میں مزید 100 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 150 کے قریب زخمی ہو گئے۔

مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب اسرائیلی افواج پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنانے پر اتر آئی ہیں,غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے جبالیہ کیمپ پر 6 بم گرائے جس سے پناہ گزین کیمپ مکمل تباہ ہو گیا، شہید ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، حملے میں مزید شہادتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے.

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے جبالیہ کیمپ پر حملے میں حماس کے کمانڈر ابراہیم برہائی کو مارنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جبالیہ کیمپ پر حملہ حماس کے کمانڈر کے موجود ہونے کی اطلاع پر کیا، حملے میں حماس کے کمانڈر کو مار دیا ہے، ابراہیم برہائی حماس کا جبالیہ کیمپ بٹالین کا کمانڈر تھا اور 7 اکتوبر کو اسرائیل پر کئے جانے والے حملے میں شامل تھا۔

 اسرائیلی بمباری سے ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سمیت مواصلاتی نظام مکمل بند ہوگیا،فلسطین کی ٹیلی کمیونیکیشنز ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غزہ کی  پٹی میں آج انٹرنیٹ سمیت تمام مواصلاتی نظام منقطع کردیا گیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ایکس پر  فلسطین کی ٹیلی کمیونیکیشنز کمپنی (پالٹل) نے کہا کہ میرے وطن کے پیارے لوگوں، آج ہم دکھ کے ساتھ یہ اعلان کرتے ہیں کہ مواصلات سمیت انٹرینٹ سروس غزہ پٹی میں مکمل طور پر ختم کردی گئی ہے۔

غزہ میں اسرائیل نے وحشیانہ بمباری کے ساتھ ساتھ 9 اکتوبر سے ایندھن کی سپلائی بھی بند کر رکھی ہے جس کے نتیجے میں طبی نظام مکمل طور پر بند ہونے کے نزدیک ہے۔

فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ لوگوں کے لیے تمام تر کوششوں اور اسپتالوں کے لیے ایندھن کے ہر قطرے کی تلاش کے بعد اب ہم اپنے سفر کے اختتام پر پہنچ گئے ہیں، اگر کوئی معجزہ نہیں ہوتا تو شفا اسپتال کا جنریٹر یکم نومبر کو بند ہو جائے گا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے زمینی حملے ناکام ہونے پر فضائی حملے تیز کر دیئے ہیں، غزہ میں 45 فیصد رہائشی مکان، عمارتیں کھنڈرات میں تبدیل ہو چکے ہیں، صیہونی فورسز نے ترک فلسطین دوستی کینسر ہسپتال پر بھی بمباری کی جس کے نتیجے میں ہسپتال ملبے کا ڈھیر بن گیا، اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر فاسفوس بم برسانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

صیہونی کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینی شہریوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے.