عید کی طویل تعطیلات مسترد، چیمبر آف کامرس اور اپٹما نے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا

May 01, 2021 | 00:14:AM
عید کی طویل تعطیلات مسترد، چیمبر آف کامرس اور اپٹما نے حکومت سے بڑا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز نے حکومت کی جانب سے دی جانے والی عید الفطر کی طویل تعطیلات کو یکسر مسترد کردیاجبکہ گروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز نے بھی حکومت سے عید چھٹیوں پر نظر ثانی کی اپیل کردی۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے چیئرمین زبیر میمن موتی والاد نے عید کی تعطیلات کو طویل قرار دیتے ہوئے حکومت سے نظر ثانی کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ’ملک کو مسلسل 9 روز تک بند رکھنا ناقابل قبول ہے لہٰذا حکومت فیصلے پر نظرثانی کرے اور 12 سے 15 مئی تک تعطیل کا اعلان کیا جائے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عید کی طویل تعطیلات سے تاجر برادری اور برآمد کنندگان کیلئے بہت زیادہ مسائل پیدا ہوں گے جبکہ بینکوں، بندرگاہوں، کسٹمز اور دیگر تمام محکموں کی بندش کی وجہ سے ایکسپورٹ بھی بری طرح سے متاثر ہوں گی‘۔
زبیر میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ ’کورونا ایس او پیز میں محدود کاروباری اوقات کے باعث تاجر و صنعت کار برادری کو شدید مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لہٰذا عید سے قبل بینکوں اور دیگر ضروری محکموں کے ساتھ بندرگاہوں کو بھی ممکنہ مدت کیلئے مکمل طور پر فعال رکھا جائے‘۔کراچی چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز کے چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ’عید کی طویل تعطیلات کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ضرورت مند غریب افراد کو آمدنی سے محروم کردیا جاتا ہے‘۔
ادھرگروپ لیڈر اپٹما گوہر اعجاز نے حکومت سے عید چھٹیوں پر نظر ثانی کی اپیل کردی،گروپ لیڈر اپٹما نے کہاکہ 10سے 16 مئی تک حکومت کی جانب سے عید کی چھٹیوں کا اعلان کیا گیا، 8 مئی سے 17 مئی تک پورے ملک کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے حکومت کو چاہیے کہ 13سے 16مئی تک عید کی چھٹیوں کا اعلان کرے ،گوہراعجازنے کہاکہ تمام پیداواری مراکز اور ٹرانسپورٹ کو 10دن کیلئے بند نہیں کرنا چاہئے ،ملک پیدوار اور ایکسپورٹ کے معاملے میں بڑے نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
واضح رہے کہ حکومت نے 10 سے 15 مئی یعنی پیر سے ہفتے تک عید الفطر کی تعطیلات دینے کا اعلان کیا ہے، اگلے روز اتوار کی وجہ سے ملک بھر میں دفاتر اور بازار بند رہیں گے جبکہ معمولاتِ زندگی پیر 17 مئی سے بحال ہوگا۔ این سی او سی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عید پر لازمی سروسز کے علاوہ کاروبار،مارکیٹس اور دکانیں بند رہیں گی جبکہ اشیائے خوردونوش، میڈیکل سٹورز،ہسپتال،ویکسی نیشن سینٹر، بیکریز، پیٹرول پمپس، چکن، سبزی اور پھلوں کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: سائیکل پر اہلیہ کی لاش لے جانے والے شخص کی تصویر نے مودی کی گڈ گو رننس کا پو ل کھول دیا