پنجاب کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش سے موسم مزید سرد

Feb 01, 2024 | 08:44:AM
 لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ بارش کے باعث فوگ میں کمی آنے کا امکان ہے۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(الاقصیٰ سجاد،محمد ندیم)  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے موسم مزید  سرد ہوگیا۔ بارش کے باعث فوگ میں کمی آنے کا امکان ہے۔ 

لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی، گجومتہ اور کاہنہ کے اطراف میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، گارڈن ٹاؤن میں بھی جم کر بادل برسے۔

بارش کے باعث شہر  لاہور سے دھند کے بادل چھٹ گئے، سرد ہوائیں چلنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 13ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے  جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 76 ویں نمبر پر آگیا ہے۔

 شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں کمی، ائیرکوالٹی انڈیکس47 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پولو گراؤنڈ کینٹ میں آلودگی کی شرح 205 ریکارڈ، شاہراہ قائداعظم 61، سلیم فرہنگ میں آلودگی کی شرح 81ریکارڈ کی گئی ہے۔  محکمہ موسمیات  کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 100فیصد ہے۔ 

شہریوں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاط کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں اسلام آباد، فیصل آباد، صفدر آباد، گجرات، شرقپور شریف، جہلم، سانگلہ ہل اور منڈی بہاء الدین سمیت مختلف علاقے بھی بارش میں نہا گئے۔  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق  آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات خنک رہنے کا امکان ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنےکا امکان ہے۔

دوسری جانب آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری نے جاڑے کی شدت بڑھا دی۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں نکیال کے پہاڑوں کو برف کی سفید چادر نے ڈھانپ لیا۔ طویل خشک سالی کے بعد بارش اور برف باری نے موسم خوشگوار ہوگیا۔ شہری برفباری کو خوب انجوائے کرنے لگے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سعودی ساورن ویلتھ فنڈ کے کامیاب تجربے سے سیکھنا چاہتا ہے: ڈاکٹر شمشاد اختر

بالاکوٹ میں بھی  شوگران سری پائے پر پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی، جھیل سیف الملوک لولوسر پر چار فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

مری اور گلیات میں شدید برفباری کے بعد مختلف راستوں پر بدترین ٹریفک جام سے سیاح، فیملیز اور بچے گاڑیوں میں محصور ہو کر رہ گئے، مری ایکسپریس وےاور لوئر ٹوپہ سے سہر بگلہ تک سری نگر ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام میں کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔

شدید برفباری اور سڑکوں پر پھسلن کے باعث سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

وادی کوئٹہ اور گرد و نواح میں  بھی سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔  محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے شمالی اور شمال مغربی اضلاع میں موسم سرد اور خشک ہے جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ گرگیا۔

محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ چاغی، خاران، واشک، پنجگور، کیچ اور گوادر میں آج بارش کا امکان ہے۔