پاکستان اور یورپی یونین کے سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ پر تصویری نمائش کا انعقاد

Dec 01, 2022 | 11:20:AM
پاکستان اور یورپی یونین کے سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ پر برسلز میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تصویری نمائش کا اہتمام یورپی یونین میں پاکستانی مشن نے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے تعاون سے کیا
کیپشن: تصویری نمائش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) پاکستان اور یورپی یونین کے سفارتی تعلقات کی ساٹھویں سالگرہ پر برسلز میں تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ تصویری نمائش کا اہتمام یورپی یونین میں پاکستانی مشن نے یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے تعاون سے کیا۔

برسلز میں ہونے والی تصویری نمائش کا افتتاح قائم مقام سیکرٹری خارجہ جوہر سلیم نے کیا۔ جوہر سلیم پاک یورپی یونین سیاسی مشاورت کے آٹھویں دور کی قیادت کرنے کے لیے ان دنوں برسلز کے دورے پر ہیں۔ افتتاحی تقریب میں یورپی یونین کے اداروں کے حکام، سفارت کاروں، دانشوروں اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تصویری نمائش میں پاکستان کی تاریخ، ثقافت، سیاحت، کھیل اور روایتی کھانوں کے تنوع کو دکھایا گیا۔ قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے سٹریٹیجک انگیجمنٹ پلان کے تحت پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات پر زور دیا۔

 جوہر سلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری ہمارے لیے بہت ہی اہم ہے، پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات میں پیش رفت موسمیاتی تبدیلی، خوراک کی حفاظت اور پائیدار ترقی جیسے عالمی چیلنجزسے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کا اظہار ہے۔

جوہر سلیم نے نتیجہ خیز اور تعمیری شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے جو سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے سب سے اہم ہیں، ہماری شراکت داری کا اہم حصہ ہیں۔